اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد جنرل اشفاق پرویز کیانی کے بعد پاک فوج کا نیا چیف کون ہوگا؟۔ ان کے بعد پاک فوج کے پانچ سینئر ترین جنرلز اس قیادت کے امیدوار ہیں۔ پاک فوج کے سینیئر ترین لیفٹیننٹ جنرل محمد ہارون اسلم اس وقت چیف آف لاجسٹک کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔ 2009 میں سوات آپریشن کے وقت وہ جی او سی سپیشل سروسز گروپ تھے۔ ان کی مدت ملازمت 9 اپریل 2014 تک ہے۔
دوسرے نمبر پر چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود ہیں۔ وہ لاہور میں کور کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ بھی 9 اپریل 2014 تک فوج کا حصہ رہیں گے۔ سنیارٹی میں تیسرے نمبر پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ اویولو ایشن لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف ہیں۔ وہ نشان حیدر پانے والے میجر شبیر شریف کے چھوٹے بھائی ہیں اور گوجرانوالہ کی کور کمانڈ کر چکے ہیں۔
کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل طارق خان کا سنیارٹی میں چوتھا نمبر ہے۔ طارق خان آئی جی ایف سی بھی رہ چکے ہیں۔ وہ باجوڑ، مہمند، دیر، سوات، بونیر اور جنوبی وزیرستان کے آپریشنز کی نگرانی کر چکے ہیں۔ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد ظہیرالاسلام پانچویں نمبر پر ہیں۔ وہ کراچی کے کور کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔ ان جنرلز کی مدت ملازمت یکم اکتوبر 2014 تک ہے۔