کورین گراں پری بھی سباستیان فیٹل کے نام

Korean Grand Prix

Korean Grand Prix

سیول (جیوڈیسک) جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے کورین گراں پری میں کامیابی حاصل کر کے مسلسل چوتھی مرتبہ فارمولا ون کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے ایک مرتبہ پھر اپنی مہارت دکھاتے ہوئے تمام ڈرائیورز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے مسلسل تیسری مرتبہ کورین گراں پری جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔

رواں سیزن کی اب تک ہونے والی مجموعی 14 ریسوں میں سے آٹھ مرتبہ انہوں نے ہی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس وقت فیٹل کو اپنے قریب ترین حریف ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو الانسو پر 77 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ رواں سیزن کے دوران چودہ گراں پری مقابلوں کے بعد فیٹل کے مجموعی پوائنٹس 272 ہیں جب کہ الانسو ابھی تک 195 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں ہیں۔

اگرچہ ابھی اس سیزن کی پانچ ریسیں باقی ہیں تاہم اگر فیٹل آئندہ ہفتے جاپان میں ہونے والی گراں پری بھی جیت جاتے ہیں اور فراری ٹیم کے ڈرائیور الانسو پہلی آٹھ پوزیشنز میں سے کوئی ایک حاصل کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو اس برس بھی فارمولا ون کا ٹائٹل فیٹل کے نام کنفرم ہو جائے گا۔

کورین گراں پری میں دوسرے نمبر پر فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے لوٹس ٹیم کے ڈارئیور کیمی رائکونین رہے اور تیسرے نمبر پر لوٹس کے ہی فرانسیسی ڈرائیور رہے۔ کورین گراں پری کے بعد ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے سباستیان فیٹل نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر انتہائی مطمئن ہیں۔ میں ان نتائج سے خوش ہوں اور اپنی ٹیم کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے لوٹس ٹیم کے ڈرائیورز کی تعریف بھی کی۔