مسلم لیگ ن کی غریب کش پالیسیاں ڈرون سے کم نہیں, جی ایس ٹی کا نفاذ و پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے عوام سے عید کی خوشیاں چھین لی ہیں

مصطفی آباد : مسلم لیگ ن کی غریب کش پالیسیاں ڈرون سے کم نہیں۔ جی ایس ٹی کا نفاذ و پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے عوام سے عید کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ تحریک انصاف اس کی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ حکومت پرانے ریٹ بحال کرکے عید پر خصوصی تحفہ عوام کو دے۔ ن لیگ کی حکومت اپنی 120 دن کی کارکردگی کے خوف سے غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کروا رہی ہے موجودہ حکومت غربت نہیں غریب کو ختم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف میاں افضل جتالہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی 120 دن کی کارکردگی سے عوام کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے عوام موجودہ حکومت کو ووٹ دینا تو دور کی بات ن لیگ کی ٹکٹ پر بلدیاتی انتخاب لڑنے کو بھی تیار نہیں جس سے گھبرا کر حکومت ملک میں غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کروا رہی ہے۔ کارکنان بلدیاتی الیکشن کی بھر پور تیاری کریں، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں مخالفین کو میدان سے فرار ہونے پر مجبور کر دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ملک میں امن قائم نہیں ہو گا ملک میں معاشی خوشحالی نہیں ہو گی جو کشکول توڑنے اور ڈرون روکنے کی باتیں کرنے والوں نے عوام پر ہی مہنگائی کا ڈرون حملہ کر دیا ہے۔ائی ایم ایف کی تابعداری کسی نے نہیں کی جتنی ان کاغذی شیروں نے کی ہے۔ سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مہنگائی میں کمی نہیں آتی ٹیکس اور بل دینا بند کر دیں۔