یمن میں جرمن سفاتکار کے اغوا کی کوشش، محافظ ہلاک

Carol Miller camper Halt

Carol Miller camper Halt

صنعا (جیوڈیسک) یمن کے دارلحکومت صنعا میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے جرمنی کی خاتون سفیرہ کیرولا ملر ہالٹ کیمپر کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام، ان کا ذاتی محافظ ہلاک ہو گیا۔ جرمن وزارت خارجہ نے یمن میں جرمن سفارت خانے کے ایک ملازم کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ وزارت خارجہ کی ایک ترجمان نے بتایا کہ صنعا کے سفارت خانے کی حفاظت پر مامور ایک افسر کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔

یمنی دارالحکومت صنعا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق نامعلوم مسلح افراد ایک گاڑی میں سوار تھے اور انہوں نے جرمن سفارت خانے کے ملازم کو گاڑی سے ہی نشانہ بنایا۔ انہوں نے اسے پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ شہر کے جنوب میں حدہ کے مقام پر ایک دکان سے باہر آ رہا تھا۔ دوسری جانب ذرائع رپورٹس کے مطابق جرمن سفیرہ کے اغوا کی کوشش صعنا کی ڈپلومیٹک کالونی ‘جدہ’ میں قائم ‘الجندول’ ٹریڈ سینٹر میں خریداری کے وقت کی گئی۔

یمنی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد جرمن سفارت خانے کے ملازم کو اغوا کرنا تھا۔ تاہم مزاحمت کرنے پر اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلح افراد کا اصل ہدف جرمن سفیر تھیں تاہم وہ اس کارروائی کے دوران بالکل محفوظ رہیں۔ برلن میں جرمن وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم جرمن وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس خبر کو مسترد کر دیا ہے۔

واضع رہے کہ یمن میں جرمن سفیر کارولا ملر وہولٹکیمپر نے ابھی 30 ستمبر کو ہی باقاعدہ طور پر سفارتی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ جرمن سفارت خانے کا شمار مغربی ممالک کے ان نمائندہ دفاتر میں ہوتا ہے جنہیں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی جانب سے دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔ رواں سال اگست میں حملے کے خطرے کی وجہ سے یمن میں جرمن سفارت خانے نے دو ہفتوں تک کام بند رکھا تھا۔ جرمن دفتر خارجہ نے یمن کا سفر کرنے والے جرمن شہریوں کو خبردار رہنے کی ہدایات بھی جاری کی ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ بھی یمن میں متعدد مرتبہ مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو اغوا کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں یمن میں سعودی سفارت کار کو محافظ سمیت گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 2012 اکتوبر میں چہرہ ڈھانپے ہوئے افراد نے امریکی سفارت خانے کے ایک گارڈ کو فائرنگ کرتے ہوئے ہلاک کر دیا تھا۔