راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں نے کہا ہے کہ بری و بحری اور پاک فضائیہ کے جوان ملکی دفاع میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں بیالیس سال کی خدمات کے بعد آج اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں۔
ان کے اعزاز میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر چکلالہ میں تقریب ہوئی، جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت اعلی عسکری شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔
اس موقع پر سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے مادر وطن کے دفاع کیلئے قابل قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ مسلح افواج کیلئے ملکی دفاع سب سے مقدم ہے۔ جنرل خالد شمیم وائیں آج رات 12 بجے اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے۔