اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کے لئے قائم سیاسی، سماجی، مذہبی اور تاجر برادری پر مشتمل گرینڈ فورم سے زمرد خان اور دیگر کا خطاب
Posted on October 7, 2013 By Majid Khan اسلام آباد
اسلام آباد : اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کے لئے قائم گرینڈ فورم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو جس میں سابق وفاقی وزیر زمرد خان خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کے حوالے سے قائم یہ گرینڈ فورم سیاسی، مذہبی، سماجی اور تاجر برادری پر مشتمل پچھلے دنوں قائم کیا گیا تھا۔ اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں الیاس مہربان، سید بلال، انجم عقیل خان، رضوان صا دق خان کے علاوہ زمرد خان(سابق وزیر) اور دیگر لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زمرد خان نے کہا کہ مقامی حکومت کے قیام کے لئے مشترکہ آواز اٹھانا اور تمام سٹیک ہولڈر کا ایک پلیٹ فارم تلے اکھٹے ہونا نہایت خوش آئند ہے۔ زمرد خان نے اس موقع پر تجویز دی کہ اس فورم کو مقامی حکومت کے قیام کے علاوہ اسلام آباد کے دیگر تمام مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھانا چاہے اس لئے کہ اسلام آباد روز بروز مسائلستان بنتا جا ر ہاہے۔ ناقص سیکورٹی کے باعث دہشت گردی ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ بھتہ خوری سبزی منڈی تک محدود نہیں رہی ہے بلکہ جڑواں شہر کے درجنوں تاجر بھتہ خوری کا شکار ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ یتیموں، بیوائوں کے علاوہ غربائ، مساکین کا بھی کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ پاکستانی عوام معاشرتی مسائل اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔
زمرد خان نے اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کیلئے فورم کو اپنے بھر پور تعاون اور تائید کا یقین دلایا اور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کے لئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔ اجلاس سے سید بلال اور الیاس مہربان نے بھی خطاب کیا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com