اسلام آباد (جیوڈیسک) نادرا نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 میں ووٹنگ کے عمل کی پول کھول دی۔ حلقے میں 67 پولنگ اسٹیشن میں ڈالے گئے 84 ہزار 448 ووٹوں میں سے 77 ہزار 642 ووٹوں کو جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔
این اے 256 سے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار اقبال محمد علی کی کامیابی کو تحریک انصاف کے امیدوار زبیر خان نے چیلنج کیا تھا جس پر الیکشن ٹریبونل نے نادرا کو انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کرنے کا کہا تھا۔ انگوٹھوں کی تصدیق کیلئے زبیر خان نے نو لاکھ روپے جمع کرائے تھے۔
نادرا کی جانب سے آج رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرائی جس کے مطابق 67 پولنگ اسٹیشنز میں 84 ہزار چارسو 48 ووٹ ڈالے گئے، نادرا کے ریکارڈ کے مطابق صرف چھ ہزار 806 ووٹوں کی تصدیق ہوسکی ،جبکہ 77 ہزار 642 ووٹ جعلی قرار دیئے گئے ،رپورٹ کے مطابق پانچ ہزار 893 ووٹ ایسے تھے جو ووٹرز نے ایک سے زائد ڈالے۔
انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار اقبال محمد علی نے ایک لاکھ 51 ہزار 788 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار زبیرخان نے 69 ہزار 72 ووٹ حاصل کیے تھے۔