لاہور (جیوڈیسک) لاہور تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی عوام کا ن لیگ پر عدم اعتماد ہے۔ حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی پی 72 فیصل آباد سے تحریک انصاف کے امیدوار خرم شہزاد کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے گیارہ مئی کو بھی اسی جذبے سے ووٹ ڈالے تھے۔
انھوں نے کہا کہ گیارہ مئی کے انتخابات میں ن لیگ نے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی تھی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت کی مایوس کن کارکردگی کے باعث ن لیگ کے لیڈر عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ آج بھی چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشان پر دوبارہ گنتی کے مطالبے پر قائم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے دو حلقوں سے بھی بوگس ووٹنگ کے شواہد سامنے آ گئے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ چیرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے دوسری بڑی اپوزیشن جماعت ہونے کے باوجود ابھی تک مشاورت نہیں کی گئی۔ آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ادارے مضبوط ہونے چاہئیں کسی کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا۔