صوبائی وزیر پنجاب ہائوسنگ ،پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ملک تنویر اسلم سیتھی نے کلر کہار تا چوآسیدن شاہ روڈ کا تیس نومبر تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا

چکوال : صوبائی وزیر پنجاب ہائوسنگ، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ملک تنویر اسلم سیتھی نے کلر کہار تا چوآسیدن شاہ روڈ کا تیس نومبر تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا، یہ حکم انہوںنے آج یہاں کلر کہار ریسٹ ہائوس میں کلر کہار تا چوآ روڈ معائنہ کے بعد تعمیراتی کام کے سلسلے میں بریفنگ دیتے ہوئے دیا، انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال بالخصوص کلر کہار میں سیاحت کے حوالے سے بڑا پوٹینشل موجود ہے، سیاحت کو ایک انڈسٹری کے طور پر فروغ دینے کیلئے ذرائع آمدورفت کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر ہائوسنگ کو کلر کہار تا چوآسیدنشاہ روڈ کے تعمیراتی کام کے متعلق ورکس اینڈ کمیونیکیشن ایکسئین پرونشنل ہائی وے پراجیکٹ منیجر این ایل سی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی خصوصی بریفنگ دی، بریفنگ کے دوران ایکسئین ہائی وے وپراجیکٹ منیجر این ایل سی نے اجلاس کو بتایا، کہ مون سون بارشوں اور دیگر عوامل کی وجہ سے سڑک کی بروقت تعمیر میں رکاوٹ بنے جس پر صوبائی وزیر نے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کلر کہار تاچوآروڈ کو تیس نومبر تک تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی انہوںنے افسران پر واضح کیا کہ سڑک کی تعمیر میں تاخیر معیار اورکوالٹی پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائیگا۔

انہوںنے کہا کہ سڑک کی تعمیراتی کام کو برق رفتاری سے مکمل کیا جائے صوبائی وزیر نے کہا کہ کام میں تاخیر اور رکاوٹ کا باعث بننے والوں کو سامنے لایا جائے تاکہ ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جاسکے، انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران اس کی کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اگر کوئی مسئلہ درپیش ہوتو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ سڑک کی بروقت تکمیل کو ممکن بنایا جاسکے انہوں نے کہا کہ وہ عید کے بعد تمام متعلقہ محکموں کے ہمراہ کام کا دوبارہ معائنہ کرینگے اور تعمیراتی کام میں کسی قسم بھی قسم کی غفلت پر ذمہ داران پر سخت ایکشن لیا جائیگا۔

صوبائی وزیر نے ایکسئن ہائی وے کو کلیاں والے دربار موڑ کی خراب سڑک کو فوری طور پر ٹھیک کرنے کا بھی حکم دیا، صوبائی وزیر نے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹراما سنٹر کلر کہار کے زیر تعمیر مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے متعلق کچھ ہدایات بھی دیں، انہوں نے ٹراما سنٹر کو تیس اپریل 2014 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی، تاکہ علاقے کی عوام کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات جلد از جلد میسر آسکیں، صوبائی وزیر نے ورکس، این ایل سی اور اسسٹنٹ کمشنر چوآسیدن شاہ وکلر کہار کو تعمیراتی کاموں کے متعلق اپنی اپنی رپورٹس بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔