پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے علاقے وزیر باغ سے اغوا ہونے والے گیارہ سالہ بچے کو کوہاٹ سے بازیاب کرا لیا گیا۔ بچے کو اغوا کرکے بھاری تاوان طلب کرنے میں بچے کا قریبی رشتہ دار ہی ملوث نکلا۔ ایس پی سٹی پشاور محمد اسماعیل کھاڑک نے میڈیا کو بتایا کہ گیارہ سالہ بچے وقار کو وزیر باغ کے علاقے شریف آباد سے چند روز قبل گیارہ اغوا کیا گیا تھا۔
اغواکاروں نے بچے کی رہائی کے بدلے دو کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ ایس پی سٹی کے مطابق مغوی بچے کو کوہاٹ سے بحفاظت بازیاب کیا گیا ہے اور دو ملزمان بھی گرفتار کئے گئے ہیں جن میں ایک ملزم فضل حق مغوی بچے کا قریبی رشتہ دار بھی ہے۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ بچے کو زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا تھا۔