لاہور (جیوڈیسک) پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے الیکشن میں دھاندلی کو قبول نہیں کیا ہے۔ اس طرح کے انتخابات تو آمروں کے دور میں بھی ہوتے تھے۔ ایسے انتخابات سے ملک میں کبھی جمہوریت نہیں آئے گی۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے اگر انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ چیف جسٹس سے بڑی عزت سے کہہ رہا ہوں کہ قوم آپ سے انصاف مانگ رہی ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان سے گزارش ہے کہ 4 حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کروائیں۔ ووٹوں کی تصدیق کا اس لئے کہا تاکہ اگلے الیکشن شفاف ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے کیس میں الیکشن ٹربیونل کے جج نے کیوں استعفی دیا۔ اس پر کیا دبائو تھا، الیکشن کمشن کا احتساب کون کرے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں اتنے کم عرصے میں اتنی زیادہ مہنگائی نہیں ہوئی۔ کرپشن اور نااہلی کا بوجھ مہنگائی کے ذریعے عوام پر پڑ رہا ہے۔ امیر طبقے پر ٹیکس لگانے کی کوشش نہیں کی گئی۔ حکومت ایک طبقے کو نواز رہی ہے جبکہ غریب پس رہا ہے۔