کراچی : رینجرز اور پولیس کی کارروائی، 17 ملزم گرفتار

Karachi Rangers

Karachi Rangers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرکے گینگ وار کے تین اہم کارندوں سمیت 17 ملزمان گرفتار کر لئے۔ ملزمان کے قبضے سے چار ٹی ٹی پستول، دو رائفلز اور سیکورٹی گارڈز کی وردیاں برآمد کر لی ہیں۔ کراچی لیاری ہشت چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے علی رضا نامی شخص جان کی بازی ہار گیا۔

بکرا پیڑی، ہزارہ کالونی اور جمشید روڈ پر رینجرز نے گینگ وار کے تین کارندوں سمیت چودہ ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ ادھر سرجانی ٹان کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔

دوسری جانب اے بی سینا لائن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے ایک گھر پرچھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ سے دو ملزمان زخمی ہوئے جو ساتھیوں کی مدد سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے خالی گھر سے چار ٹی ٹی پستول، دو رائفلز اور سیکورٹی گارڈز کی وردیاں برآمد کر لی ہیں۔