بس اور وین میں طلبا سے لوٹ مار واقعات کا سدباب کیا جائے، فیصل سبزواری

Faisal Sabzwari

Faisal Sabzwari

کراچی (جیوڈیسک) کراچی متحدہ قومی موومنٹ کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے جرائم پیشہ افراد کی جانب سے نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں کالج کی وین میں طلبا سے لوٹ مار کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ مخصوص علاقے میں یونیورسٹی اور کالجوں کی بس اور وین میں طلبا سے لوٹ مار کے سنگین واقعات کا فی الفور سدباب کیا جائے۔ ایک بیان میں ایم کیوایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم کی روک تھام کیلئے ناکام ہو چکے ہیں جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں اور راہ چلتے عوام سے لوٹ مار کے واقعات کے بعد اب جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے طلبا کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں طلبا کی بسوں میں لوٹ مار کے واقعات نے شہر کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کا پول کھول دیا ہے۔

اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی واضح کردی ہے۔ فیصل سبزواری نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں کالج وین میں طلبا سے لوٹ مار کے واقعہ میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔