پشاور (جیوڈیسک) عید کی آمد پر پشاور کے بازاروں میں بھی چہل پہل عروج پر پہنچ گئی۔ مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی عید کی خریداری میں جت گئیں۔ مصروف تجارتی مراکز میں تل دھرنے کی جگہ نہیں رہی۔ عیدالاضحی میں بس چند دن باقی رہ گئے ہی۔ پشاور کے بازار اور شاپنگ سینٹرز خریداروں سے کھچا کھچ بھر گئے ہیں۔ عید کی شاپنگ اب ہر فرد کی پہلی ترجیح بن گئی ہے۔
مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی بازاروں میں عید کیلئے کپڑے، جوتے، جیولری، چوڑیاں میچنگ کے ہینڈ بیگز اور دیگر لوزامات کی خریداری میں مگن ہیں۔ بازاروں میں سب سے زیادہ رش خواتین اور بچوں کی دلچسپی کی اشیا کی دکانوں میں دکھائی دیتا ہے۔ ابھی کپڑوں کی سلائی مشکل ہے، اس وجہ سے خواتین سلے سلائے ملبوسات کی خریداری کر رہی ہیں۔ مہنگائی نے اپنا رنگ ہر جگہ دکھا دیا ہے۔ خواتین نے اس کا توڑ مصنوعی زیورات کی صورت میں نکال لیا ہے۔
کپڑوں کے ساتھ اگر میچنگ جیولری نہ ہو تو عید کا مزا پھیکا لگتا ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بازاروں میں رش اور وقت کا حرج اپنی جگہ لیکن عید کی شاپنگ پر وہ کمپرومائز نہیں کر سکتیں اور شاپنگ بھی تو عید کی خوشیوں کا ایک حصہ ہے۔