تھرپارکر : آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی

Lightning

Lightning

ننگر پارکر کے علاقے میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ نواحی گاؤں اوڑھا مار میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام پر ملک کے بالائی علاقے مغربی ہواؤں کے زیر اثر آ جائیں گے جس کے باعث خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہفتے کے روز سے پیر تک بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ شہر میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دن کے مختلف اوقات میں چند مقامات پر ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ آج کم سے کم درجہ حرارت چوبیس ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ تینتیس ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب ستاون فیصد رہے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی نوید سنائی ہے۔ زیریں سندھ اور وسطی پنجاب میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔