خیرپور : اہلسنت والجماعت کے رہنما محمد اسماعیل کے قتل کیخلاف ہڑتال

Khairpur

Khairpur

خیرپور (جیوڈیسک) خیرپور میں اہلسنت والجماعت کے رہنما محمد اسماعیل راجپوت کے مبینہ قتل کے خلاف شہر میں مکمل ہڑتال ہے جبکہ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر شہر کے مختلف علاقوں کی طرف آنے جانے والا ٹریفک بند کر دیا۔

شہر میں ہڑتال کا اعلان گزشتہ روز اہلسنت والجماعت سندھ کے صدر غازی پریل شاہ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا، دوسری طرف شہر میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور کشیدہ صورت حال کے باعث بیشتر اسکولوں میں چھٹی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ 7 روز قبل محمد اسماعیل راجپوت شہر سے لاپتہ ہو گئے تھے بعد ازاں لقمان ریلوے پھا ٹک کے قریب ریلوے ٹریک سے ان کی لاش ملی۔ اہلسنت والجماعت خیرپور کے صدر مولانا عبدالکریم مری نے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے اور انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ محمد اسماعیل کا قتل پولیس کی غفلت کی وجہ سے ہوا کیونکہ 7 روز قبل پولیس کو محمد اسماعیل راجپوت کے اغوا کی بر وقت اطلاع دی گئی تھی لیکن پولیس نے توجہ نہیں دی جس پران کا قتل ہو گیا۔