کراچی : گینگ وار کے ملزم، کار، موٹر سائیکل لفٹر سمیت 13 افراد گرفتار

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے ایک ملزم، کار اور موٹر سائیکل لفٹرسمیت 13 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ سہراب گوٹھ میں سرچ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ کراچی میں 5 مقامات پر پولیس کے چھاپوں میں 29 افراد زیرحراست لے لیا گیا ہے جبکہ مختلف اقسام کا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے سبزی منڈی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے، دو ملزمان گرفتار، قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور گلشن اقبال سے چھینی گئی کار بھی برآمد ہوئی۔

سہراب گوٹھ کے علاقے میں قائم جنجال گوٹھ اور گل گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، آپریشن علاقے میں کالعدم تنظیم کے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔ رات گئے سپر ہائی وے پر قائم افغان بستی سے منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلی گئی۔ دوسری جانب، ایس پی اورنگی چوہدری اسد نے بتایا کہ منگھوپیر میں نورانی ہوٹل کے قریب مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی 12 موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی برآمد کرلی، ڈی ایس پی طارق مغل نے بتایا کہ محمود آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 2 مفرور اور 2 اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان سمیت 8 افراد کو گرفتار کرکے 2 ریوالر اور منشیات برآمد کرلی۔ رات گئے کیماڑی کے علاقے جیکسن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے ملزم آصف عرف چھوٹو کو گرفتار کر لیا۔