دو کروڑ سے زائد غیر مصدقہ سمیں بلاک

Sim Block

Sim Block

اسلام آباد (جیوڈیسک) پی ٹی اے نے سوا 2 کروڑ غیر مصدقہ سمیں بلاک کر دیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں غیر قانونی سمز دہشت گردی کے واقعات کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین طلحہ محمود کے زیر صدارت پارلیمنٹ ہاس میں ہوا۔

کمیٹی کے رکن وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ موبائل سموں کے استعمال نے سیکورٹی مسائل پیدا کر دیئے ہیں۔ موبائل کمپنیاں پیسہ کمانے کیلئے بھرپور کام کر رہی ہیں۔ پی ٹی اے ریاستی مفادات کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ کمیٹی ارکان نے کہا کہ اغوا کے واقعات میں افغانستان کی سمز استعمال ہوتی ہیں۔

چیئرمین طلحہ محمود کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملہ پر قانون سازی کی ہدایت کر دی ہے۔ قائم مقام چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ اب تک 2 کروڑ 25 لاکھ 90 ہزار غیر مصدقہ سمز بلاک کی ہیں۔ ڈی جی وزارت داخلہ طارق لودھی نے کہا کہ کراچی میں 8 دسمبر کے بعد صرف بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے سم خریدی جا سکے گی۔