اضلاع کی خبریں 9/10/2013

اسلام آباد (این این اے )چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کو عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی کی بہترین خدمات دی جائیں اور سینی ٹیشن کا عملہ ہنگامی بنیادوں پر شہر کی صفائی اور قربانی کی جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا انتظام کرے اور اس سلسلے میں کو ئی کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ ہدایات چیئرمین سی۔ڈی۔ اے ندیم حسن آصف نے عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دیں۔اجلاس میںممبر انوائرمنٹ احسن علی منگی،ڈائریکٹرجنرل سوک مینجمنٹ اور سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ممبر انوائرمنٹ احسن علی منگی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چیئر مین سی ڈی اے کی ہدایات کی روشنی میںڈائریکٹوریٹ آف سینی ٹیشن نے اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں اٹھانے کے لیئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے عملے کی عید کے دوران چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تمام عملہ ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کر کے شہر کو صاف رکھے گا۔ اس سلسلے میں شہر کو چار (04) زونوںمیں تقسیم کر دیا گیا تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیئے جا سکیں زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، جی فائیو، جی سکس، بلیو ایریا، سیدپور اور بری امام ۔ زون ٹو میںفیصل مسجد، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ، جی سیون اور جی ایٹ۔ زون تھری میںایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف ،جی نائن، جی ٹین ،جی ا یلیون اور جی تیرہ۔جبکہ زون فور میںایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون، ہائی وے، ماڈل ویلیج ہمک ، شہزاد ٹاون، راول ٹاون اور مارگلہ ٹائو ن کے علاقے شامل ہیں۔ ہر زون کو چیف سینٹری انسپکٹر مانیٹر کرے گا۔ممبر انوائر منٹ نے مزید بتایا کہقربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کے لیئے 17 مختلف مقامات پر29 گڑھے کھودے گئے ہیں۔ مزید برآں دو ایمرجنسی سیل قائم کر دئیے گئے ہیں جو کہ فائر ہیڈ کوارٹرز میں قائم سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ٹرانسپورٹ سیل اور سینی ٹیشن کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور میں دن رات کام کریں گے۔ اس ہنگامی آپریشن میں تقریباً پچیس سو(2500) افراد پر مشتمل عملہ خاکروب ، سپروائزری سٹاف ، ٹھیکیداروں کا سٹاف اور افسران اپنے فرئض انجام دیں گے۔ جبکہ تقریباً سو سے زائد گاڑیاں ٹریکٹر ٹرالیاں ، کمپیکٹر، ٹرک ، ڈمپر ، شاول اور ڈوزر وغیرہ اس مہم میں شامل ہوں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے سیکٹروں G-6 ، G-7 ، G-8 ، G-9 ، G-10 اور سیکٹر I-10 میں خصوصی اور تجرباتی طور پر شہریوں کو پلاسٹک بیگ دئیے جائیں تاکہ وہ محفوظ اور ہائی جینک طریقے سے قربانی کے جانوروں کی الائشیںسینی ٹیشن سٹاف کے حوالے کر سکیں ۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ قربانی کے جانور جہاں ذبح ہوں،ان کی اوجھڑیاں وہیں رکھیں، تاکہ ڈیوٹی پر موجود عملہ صفائی اُس کو فوری طور پر اٹھا کر لے جائے اورانہوں نے شہریوں سے مزید درخواست کی کہ اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں اور کوڑے دانوں اور ٹرالیوں میں بھی نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی شکایت کی صورت میں سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر / 9213908 1334 ٹیلی فون نمبرز 9203216، 9211555 پر رابطہ کر یں۔

اسلام آباد(این این اے ) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی 20 کرکٹ میچ (آج) جمعرات کو سراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم، راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق رات سات بجے شروع ہوگا۔ میچ میں کامیابی کے لیے دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کانٹے دار ہوگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سات ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گا جس کا پہلا میچ 13 اکتوبر کو پونے میں کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے16 اکتوبر کو جے پور، تیسرا 19 اکتوبر کو موہالی، چوتھا 23 اکتوبر کو رانچی، پانچواں میچ 26 اکتوبر کو کوٹک، چھٹا 30 اکتوبر کو ناگپور جبکہ ساتواں اور آخری میچ 2 نومبر کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد (این این اے ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے قائد اعظم ٹرافی نیشنل کرکٹ چیمپئن شپ اور نیشنل ون ڈے کپ کے لئے اسلام آباد ٹیم کا اعلان کردیا۔ پاکستان کرکٹ کے حکام کے مطابق دو ایونٹس کے لئے جن کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں عماد وسیم ‘ نصر اللہ خان ‘ شہزاد اعظم ‘ راجہ محمد کاشف ‘ علی سرفراز ‘ فیضان ریاض ‘ سعید احمد شیخ ‘ حمزہ ندیم عباسی ‘ ذیشان علی ‘ ساجد علی ‘ کاشف محمود ‘ اسد اللہ سمیری ‘ سرمد بھٹی ‘ سرور خان ‘ منیر الرحمن تنزیل ‘ طارق محمود ‘ سلمان حیدر ‘ مدثر علی ‘ جنید نادر ‘ محمد عرفان ‘ کامران حسین ‘ شاہد الیاس ‘ احسن کریم ‘ طارق محمود اعوان اور واجد علی شامل ہیں حکام کے مطابق دونوں ایونٹس میں ملک بھر سے 14 ریجنز کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں کراچی بلوز ‘ لاہور راوی ‘ راولپنڈی ‘ سیالکوٹ ‘ پشاور ‘ ایبٹ آباد ‘ بہاولپور ‘ کراچی وائٹس ‘ لاہور شالیمار ‘ فیصل آباد ‘ حیدر آباد ‘ اسلام آباد ‘ ملتان اور کوئٹہ شامل ہیں اور ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ہر گروپ میں 7 ‘ 7 ٹیمیں شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ دونوں ایونٹس 23 اکتوبر سے 6 جنوری 2014ء تک کھیلے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد(این این اے )رافیل نڈال، نوویک جوکووچ اور اینڈی مرے رواں برس کے آخر میں ابوظہبی ٹینس ٹورنامنٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ہسپانوی ٹینس سٹار اور یوایس اوپن کے چیمپئن رافیل نڈال نے ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ چیمپئن شپ 26 سے 28 دسمبر تک کھیلی جائے گی۔ نڈال نے گزشتہ برس بھی ایونٹ میں شرکت کرنی تھی لیکن انجری کے باعث انہیں دستبرداری اختیار کرنا پڑی تھی۔ نڈال اس سے قبل دو بار ٹرافی اپنے نام کر چکے ہیں۔ ایک بیان میں نڈال نے کہا کہ اگلے سیزن سے قبل ایونٹ میں شرکت خود کو ٹیسٹ کرنے کا ایک سنہری موقع ہے اور میری کوشش ہو گی کہ میں تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کروں۔ دوسری جانب سربین سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ بھی ٹائٹلز جیتنے کی ہیٹرک مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد(این این اے ) بالی ووڈ کی 1981 میں میں ریلیز ہونے والی فلم سلسلہ کی جوڑی امیتابھ بچن اور ریکھا کو طویل عرصہ بعد اکٹھے ایک طیارے میں دیکھا گیا۔ذرائع کے مطابق بالی ووڈ کے حلقوں میں ان دنوں ایک تصویر نے زلزلہ سی کیفیت پیدا کر دی ہے جس میں امیتابھ اگلی نشست پر ہیں جب کہ ان کے عین پیچھے بسنتی رنگ کی ساڑھی پہنے اور بالوں کے جوڑے میں موتیوں کا ہار سجائے ریکھا آرام کر رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں کو تین دہائیوں کے بعد اکٹھے دیکھا گیا ہے لیکن یہ ثابت نہیں ہوا ہے کہ وہ ایک ساتھ اپنی مرضی سے تھے یا محض اتفاق ہے۔ اس بارے چہ مگوئیاں ایک بار پھر عروج پر ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد(این این اے )بالی ووڈ کے دبنگ سلمان خان اپنی سابقہ گرل فرینڈایشوریہ رائے کو آج تک نہیں بھلا پائے یہاں تک کہ وہ اب انہیں دوسری خواتین میں بھی تلاش کرتے نظر آتے ہیں۔اس بات کا انکشاف سلمان خان نے اپنے ریئلٹی شو ‘بگ باس 7’ میں شریک ایک امیدوار” اپورو اگنی ہوتری” اور انکی اہلیہ” شلپا اگنی ہوتری” سے بات چیت کے دوران کیا۔ سلمان خان نے شو کے دوران شلپا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وہ بالکل ایشوریہ رائے جیسی لگتی ہیں خاص طور پر انکی آنکھیں تو بالکل ایشوریہ جیسی ہیں۔سلمان نے مزید کہا کہ شاید یہی وجہ ہے کہ انکے شوہر اپورو اگنی ہوتری نے شلپا کو پسند کر کے ان سے شادی کی۔واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریہ رائے بچن کے درمیان دوستی کسی سے چھپی نہیں جس کا میڈیا پر بھی خوب چرچارہا ہے تاہم کئی سال بیت جانے کے بعد آج تک دونوں اداکار نا تو آپس میں بات کرتے ہیں اور نا ہی دوستی ختم ہونے کے بعدکسی بھی فلم میں ایکساتھ جلوئہ گر ہوئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی(این این اے ) فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار ندیم نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے جو کوششیں کی جارہی تھیں اب وہ کامیاب ہوتی نظر آرہی ہیں۔جو لوگ جدوجہد میں مصروف رہے ان کے لیے یہ خوشی کی خبر ہے میں تو ایک عرصہ سے یہ بات کہتا رہا ہوں کہ میں ناامید نہیں ہوں ایک دن ضرور آئے گا جب فلمیں سنیمائوں پر ایک بار پھر عوام کو اپنی طرف متوجہ کرلیں گی، گزشتہ کراچی میں فلمسازی پر بہت تیزی سے سرمایہ کاری ہورہی ہے ہمارے ملک کا بہترین ٹیلنٹ اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ فلم انڈسٹری کو اس مقام واپس دلانے کی کوشش میں مصروف ہے ان کی کوششیں کسی حد تک کامیاب ہورہی ہے لیکن ہمیں ابھی اسی جذبہ اور عزم کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد(این این اے ) تحریک طالبان پاکستان نے ملالہ یوسف زئی کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ یہ دھمکی ایک ایسے وقت دی گئی ہے جب پوری دنیا بڑی بے چینی سے اس بات کا انتظار کر رہی ہے کہ یہ بہادر لڑکی سال رواں کا نوبل امن انعام جیت کر تاریخ رقم کرے گی۔ 11 اکتوبر کو اوسلو میں اس کا اعلان کیا جائے گا۔ تقریباً ایک سال قبل 9 اکتوبر 2012ء کو طالبان کے دو دہشت گردوں نے 15 سالہ ملالہ پر سوات میں اس وقت گولیاں چلا دی تھیں جب وہ اسکول وین میں گھر جا رہی تھی۔ ان نامعلوم حملہ آوروں نے ملالہ کا نام دریافت کرتے ہوئے اس پر حملہ کیا تھا۔ اس حملہ میں ملالہ کے سر میں گولی لگی تھی اور وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد چند ماہ قبل چلنے پھرنے کے قابل ہوئی ہے۔ پاکستان میں ابتدائی علاج کے بعد حکومت پاکستان نے ملالہ کو برمنگھم روانہ کیا تھا۔ جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے اس کے متعدد آپریشن کئے۔ اب وہ اپنے اہل خاندان کے ساتھ برمنگھم میں مقیم ہے۔ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ اس کی دو ہم جماعت سہیلیاں بھی زخمی ہو گئی تھیں۔ ان کی زندگی کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد ان دونوں کو بھی ملک چھوڑنا پڑا ہے۔ملالہ یوسف زئی نے 13 برس کی عمر میں شہرت حاصل کی تھی۔ وہ سوات میں اپنے والد کے اسکول میں طالب علم تھی۔ لیکن انتہا پسند طالبان نواز گروہوں نے اس علاقے میں لڑکیوں کی تعلیم کو ممنوع قرار دیا۔ ملالہ نے بی بی سی اردو سروس پر لکھے گئے ایک بلاگ کے ذریعے اس صورتحال پر دنیا کی توجہ مبذول کروائی۔ اس کا صرف ایک مؤقف تھا کہ اسے اور اس جیسی ہزاروں بچیوں کو تعلیم سے محروم نہ رکھا جائے۔ سوات میں پاک فوج کی کارروائی کے بعد انتہا پسند قوتوں کو اس علاقے سے بھگا دیا گیا اور آہستہ آہستہ امن بحال ہونے لگا۔ ملالہ نے اس دوران اپنی کم عمری اور حوصلہ مندی کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کر لی تھی۔ اس کے لئے دنیا کے کسی بھی ملک میں پناہ حاصل کرنا آسان تھا لیکن اس نے اپنے اہل خاندان کے ساتھ اپنے وطن میں رہنے کو ہی ترجیح دی۔ اس نے بی بی سی کے بلاگ کی وجہ سے ملنے والی شہرت کو کسی طرح پاکستان یا اسلام کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش نہیں کی۔ اس کی بجائے اس نے اپنی شہرت کو پاکستان اور اسلام کی ایک خوشگوار تصویر دکھانے کے لئے استعمال کیا۔اس کے باوجود اس کم سن بچی کی دلیری اور جرات شر کی شطانی قوتوں کو برداشت نہیں ہوئی۔ اسلام اور شریعت کے دعویدار اس گمراہ ٹولے کے ہرکاروں نے 9 اکتوبر 2012ء کو اس معصوم بچی کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا۔ اس کم عمر بچی کو اللہ تعالیٰ نے اس قدر حوصلہ عطا کیا ہے کہ اس حملہ سے جانبر ہونے کے بعد برمنگھم کے اسپتال میں اس نے جو پہلا پیغام دنیا کو بھیجا، وہ یہی تھا کہ وہ بچیوں کی تعلیم کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ملالہ اور اس کے خاندان نے جلا وطن ہونے پر مجبور ہونے کے باوجود کبھی پاکستان یا اسلام کے خلاف کسی قسم کی حرف زنی نہیں کی ہے۔ اس کے برعکس نوجوان ملالہ دنیا بھر میں پاکستان کی شہرت کا سبب بنی ہے۔ یورپ اور امریکہ کے متعدد انعام اسے مل چکے ہیں اور دو ماہ قبل اس نے اقوام متحدہ کی خصوصی جنرل اسمبلی میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے دنیا بھر میں بچوں اور بچیوں کی تعلیم کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔ملالہ یوسف زئی کو دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم کے حق میں سب سے مضبوط آواز کی حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔ اسے اپنی بہادری ، عزم اور مستقل مزاجی کی وجہ سے ہر طرف سے داد و تحسین مل رہی ہے۔ تاہم پاکستان کی تاریک انتہا پسند قوتیں اس حوصلہ مند بچی کو برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کہ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے ایک خصوصی انٹرویو میں ایک بار پھر یہ اعلان کیا ہے کہ اگر طالبان کو موقع ملا تو وہ ملالہ یوسف زئی کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس ترجمان کے بقول ملالہ نے اسلام کو نقصان پہنچایا ہے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا میں ملوث ہے۔ اس کم عقل اور جاہل ترجمان کا مؤقف ہے کہ ملالہ کو دشمن کی ایجنٹ کی حیثیت حاصل ہے۔ اس لئے اسلام عورت ہونے کے باوجود اسے مارنے کی اجازت دیتا ہے۔طالبان کی یہ جاہلانہ دھمکی درحقیقت علم و روشنی اور سچائی کو برداشت نہ کرنے کا اعلان ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ طالبان کا یہ رویہ اور مؤقف پاکستان کی مین اسٹریم میں بھی سرایت کر رہا ہے۔ عام لوگ ملالہ کے حوصلہ اور اس کی قدر افزائی پر بے دریغ اسے امریکہ اور مغرب کا ایجنٹ قرار دیتے ہیں۔ حیرت ہے کہ ان عناصر کو نہ یہ اندازہ ہے کہ ملالہ کی وجہ سے پاکستان کی شہرت کو عالمی سطح پر کس قدر مثبت نمائندگی نصیب ہوئی ہے اور نہ وہ یہ باور کرنے پر آمادہ ہیں کہ یہ لڑکی اس وقت دنیا بھر میں پاکستان کی سب سے بڑی سفیر ہے۔11 اکتوبر کو نوبل امن انعام کا اعلان کرنے والی کمیٹی 2013ء کے لئے اس انعام کا اعلان کرنے والی ہے۔ متعدد ماہرین یہ توقع کر رہے ہیں کہ ملالہ نے انتہا پسندی اور جہالت کے خلاف جس بہادری سے جدوجہد جاری رکھی ہے اور اس کم عمری میں جان لیوا حملہ کا نشانہ بننے کے باوجود جس طرح اپنے مؤقف کو تبدیل کرنے سے انکار کیا ہے ، وہ دنیا میں تاریک قوتوں کے خلاف بلند ہونے والی ایک بے مثال روشنی کی کرن کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس لئے وہ سال رواں کے لئے نوبل امن انعام کی سب سے مضبوط امیدوار سمجھی جا رہی ہے۔دنیا کے جس ملک کے شہری کو بھی عالمی شہرت یافتہ یہ انعام ملتا ہے یا اس میں اسے نامزد کیا جاتا ہے تو پوری قوم اس پر سر فخر سے بلند کرتی ہے۔ بدنصیبی سے پاکستان میں سچائی ، بہادری اور حق پرستی کی اس نوجوان نمائندہ کے خلاف مہم سازی کرنے والی قوتیں مسلسل سرگرم ہیں اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے لئے بدستور پروپیگنڈا کر رہی ہیں۔ اب طالبان نے ملالہ کو مارنے کی دھمکی کا اعادہ کر کے اس ذہنیت کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔ساری دنیا ملالہ کے ساتھ ہے کیونکہ وہ ظلم کے خلاف حق کی بات کرتی ہے۔ طالبان ملالہ کے دشمن ہیں کیونکہ اس کی معصومیت ، عزم اور سادگی، ان کے سیاہ چہروں اور استبداد کے پیغام کا پردہ چاک کر رہی ہے۔ یہ وقت ہے کہ پاکستانی قوم دشمن قوتوں کے ہاتھ میں کھلونا بننے کی بجائے اپنے ان حقیقی سپوتوں کو پہچانے جو پاک سرزمین کی ترقی و خوشحالی کے لئے گولیوں کا مقابلہ کرنے سے بھی نہیں گھبراتے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد (این این اے ) ٹرانسپورٹرز کے دوران سفر اپنی گاڑیوں میں قربانی کے جانور شہری حدود میں لانے پر سختی سے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ قائمقام ڈی سی او /ایڈمنسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فیصل آباد کی جانب سے تمام ٹرانسپورٹرز سے کہاگیاہے کہ اگر مختلف روٹس پر قربانی کے جانور ان کی گاڑیوں میں لوڈ کئے جائیں تو انہیں شہر سے باہر بائی پاسز پر ہی اتار دیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر یا ڈرائیور اپنی گاڑیوں میں قربانی کے جانور شہر میں لاتاہوا پکڑاگیاتو نہ صرف ان کے چالان کردیئے جائیں گے بلکہ ان کی گاڑیوں کو 72گھنٹوں کیلئے تھانوں میں بند بھی کر دیا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور (این این اے ) پاکستان میں متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد8کروڑ سے بھی تجاوز کر گئی ہے جن میں سے 45 فیصد کا تعلق پنجاب ، 23 فیصد کا سندھ ، 21 فیصد کا خیبر پختونخوا اور 11 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ اقتصادی ترقیاتی انسٹیٹیوٹ کے ذرائع نے بتایاکہ پاکستان میں متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ حالیہ سٹڈی کے مطابق پاکستان کی شہری آبادی میں مڈل کلاس طبقے کی شرح 62 جبکہ دیہی آباد ی میں 38 فیصد ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ مہنگائی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے سمیت روزگار کے نئے مواقع پیداکرکے متوسط طبقہ کی تعدا دمیں کمی لائی جا سکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد(این این اے ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پاکستان کی اقتصادی صورتحال کے ساتھ ساتھ دیگر ملکوں کے وزراء خزانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ عالمی مالیاتی اداروں کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے اقتصادی ماہرین اور وزراء امریکی دارالحکومت پہنچ رہے ہیں۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ پاکستانی وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی اس اجلاس میں شرکت کیلئے 4 روز تک وہاں قیام کریں گے۔ اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وفد میں سیکرٹری فنانس اور سٹیٹ بینک کے گورنر بھی شامل ہیں۔ وزیرخزانہ امریکی عہدیداروں سے ملاقات کے علاوہ امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل سے بھی خطاب کریں گے جبکہ مختلف ممالک کے وزراء سے ملاقات بھی کریں گے۔ آئی ایم ایف کے اجلاس میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال، اس کی ضروریات اور ترقی کے مواقع کے حوالے سے گفتگوہوگی۔ توقع ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ورلڈ بینک کی گورننگ باڈی کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے جہاں پاکستان کا بھاشا اورداسو ڈیم پر موقف پیش کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

واشنگٹن (این این اے ) امریکی دارالحکومت میں ہزاروں افراد نے امیگریشن قوانین میں تبدیلی کے لئے مظاہرہ کیا پولیس نے آٹھ ارکان کانگریس سمیت 200 افراد کو حراست میں لے لیا ۔ امریکی دارالحکومت میں ہزاروں افراد نے غیر قانونی تارکین وطن کو شہریت دینے سے متعلق امیگریشن قانون میں تبدیلی کے لئے ریلی نکالی ۔ مظاہرین نے کانگریس کی عمارت کے قریب ایک سڑک بلاک کر دی ۔ گرفتار کئے گئے آٹھ ارکان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے اراکین کانگریس نے ایک کروڑ 10 لاکھ تارکین وطن کو شہریت دینے کا مطالبہ ریلی انتطامیہ کے مطابق مظاہرے میں 10 ہزار افراد شریک ہوئے امریکی سینٹ نے جون مین امیگریشن بل کی منظوری دے دی ہے تاہم ایوان نمائندگان سے اس بل کی منظوری ہونا باقی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد(این این اے )سپریم کورٹ میں میں لاپتہ افراد کے مقدمات کی سماعت کے دوران جسٹس انور ظہیر جمال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو حکومتی ایجنسیوں کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے کچھ لوگ خود کو ملک کے قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں کیوں ان کے خلاف مقدمات درج نہیں کئے جاتے دوہرے معیار کیوں اپنائے جاتے ہیں جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اقبال حمیرا الرحمان پر مشتمل عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے لاپتہ افراد کے مقدمات کی سماعت کی عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کو ہدایت کی کہ چواں سیدن شاہ سے لاپتہ دو افراد عمر بخت اور عمر حیات کو 24اکتوبر تک عدالت میں پیش کیا جاوے ورنہ سیکرٹری داخلہ کو طلب کیا جائیگا، عدالت کا کہنا تھا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ ہماری آنکھیں کیوں بند ہیں اور لاپتہ افراد کے مقدمات بھی درج نہیں کئے جاتے جسٹس اعجاز افضل کا کہنا تھا کہ عمر حیات اور عمر بخت کے مقدمات میں ثبوت موجود ہیں کہ ان کو حساس ادارے کے اہلکار اٹھا کرلے گئے اور پولیس کا کام ہے کہ ثبوت تلاش کر کے عدالت میں پیش کرے اور فیصلہ عدالت پر چھوڑ دے جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ عدالت چاہتی ہے کہ مظلوم خاندانوں کی داد رسی ہو اور غیر قانونی طورپر حراست میںلیے گئے افراد رہا ہونے چاہیں ان مقدمات میں پولیس کا رویہ دیکھ لیں کہ صرف ایک پولیس اہلکار نے بیان ریکارد کروایا ہے دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے عدالت کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ سیشن جج چکوال نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ عدالت کو بھجوائی ہے جس میں 6گواہان کے بیانات لیے گئے ہیں جس پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہا کہ وہ ایک بڑے عہدے پر فائز ہیں انہیں احساس ہونا چاہیے کہ لاہپتہ افرادکے لواحقین کس کرب سے گزر رہے ہیں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے تین ہفتوں کی مہلت طلب کی تو عدالت نے کہا کہ ہم 4ہفتے کا وقت دینے کو تیار ہیں مگر کوئی پیش رفت تو نظر آنی چاہیے جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ عدالت کو کوئی وجہ تو بتائی جائے کہ ان افراد کو کیوں غائب کیا گیا ہے جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ عدالت کسی مجرم کو چھوڑنے کا نہیں کہتی لیکن تمام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ذریعہ ہیں جس کے توسط سے عدالت اپنا موقف حکام تک پہنچاتی ہے لیکن لگتا ہے کہ حکومت اس مقدمہ میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے دریں اثناء ایک اور لاپتہشہری اسامہ وحید کے مقدمہ کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسامہ وحید لنڈی کوتل کے حراستی مرکز میں موجود ہیں اس موقع پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ اسامہ وحید کا بھائی اس سے حراستی مرکز میں ملا ہے جس نے آکر بتایا کہ وہ اپنے بھائی کو پہچان نہیں سکے وہ اتنے کمزور ہو چکا ہے کہ چلنے پھرنے کے قابل نہیں آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ اس حراستی مرکز میں 72لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ دیگر افراد کو بھی موت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اسامہ وحید کے بھائی حراستی مرکز میں اپنے بھائی سے ملنے کے لیے جانے کو تیار نہیں ہیں جس پر عدالت نے کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ ان کے پاس وہاں جانے کے لیے پیسے بھی نہ ہوں آپ لوگوں کو شہیریوں کے حالات کا علم نہیں ہے عدالت نے اٹارنی جنرل کا حکم دیا کہ اسامہ وحید کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ بعد ازاں عدالت نے یہ مقدمہ نمٹا دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد (این این اے ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور نے دہشت گردی کے مقاصد کے لئے غیر قانونی موبائل فونز سمز کے سدباب کے لئے متعلقہ حکومتی اداروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا ۔ فوری طور پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو یونیورسل سروس فنڈ کے 60 ارب روپے کے فنڈز بائیومیٹرک سسٹم کے لئے استعمال کرنے کی ہدایت کر دی ۔ وزارت داخلہ کے حکام نے اعتراض کیا ہے کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں آئی ایم ای آئی نمبرز کے بغیر جدید موبائل فونز موجود ہیں چیئرمین پی ٹی اے چیئرمین پی ٹی اے نے انکشاف کیا ہے کہ چھوٹی کمپنیاں جعلی رومنگ استعمال کر رہی ہیں ۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد میں 68 ملین ڈالر لاگت کے سیکرینزو کیمروں کے سسٹم کی ناکامی پر تحقیقات بینلوزقتی کمیٹی کے سپرد کر دی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی(این این اے )پاکستان اسٹیل ملز میں ہونے والی ماضی کی بد ترین کرپشن اور اس کے نتیجہ میں ادارے کو شدید مالی خسارے کا شکار کرنے والے عناصر کا کڑا احتساب کیا جائے گا اور پاکستان اسٹیل ملز میں ہونے والے ریفرنڈم میں محنت کش عوام نام نہادمزدور رہنمائوں کو عبرتناک شکست سے دو چار کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کی لیبر فیڈریشن، پاکستان ورکرزلیگ کے مرکزی سکریٹری جنرل ممتاز مزدور رہنما سیّد منور رضا نے گزشتہ روز اسٹیل ٹائون میں ”پاکستان اسٹیل ورکرز لیگ یو نین (رجسٹرڈ) ”کے زیر اہتمام منعقد کئے گئے کارکنان کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔منور رضا نے کہا کہ منافع بخش ادارے کو اس بیدردی کے ساتھ لوٹا گیا کہ آج وہ ادارہ ڈیڑھ سو ارب روپے کا مقروض اور مسلسل خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کی پیداواری صلاحیت بہت محدود ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب محنت کش اپنے روز گار کے تحفظ کے لئے مسلم لیگ (ن) کے پرچم تلّے متحد ہوچکے ہیں اور اب وہ محنت کشوں کا نام لے کر ان کے مفادات کو لوٹنے والوں کوقومی انتخابات کی طرح ریفرنڈم میں بھی مسترد کردیں گے ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ناصرالدین محمود نے کہا کہ ڈکٹیٹر کے زمانہ میں منافع میں چلنے والا ادارہ آج انتظامیہ اور یونین کی ملی بھگت سے اس حال کو پہنچ چکا ہے کہ جہاں ملازمین کو وقت پر تنخواہ دینا ایک خواب بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج اس عظیم ادارے کے محنت کش اور ملازمین اپنے مستقبل سے شدید مایوس ہیں لیکن ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ اسٹیل ملز میں ہونے ریفرنڈم میں محنت کشوں کی قوت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد اس ادارے کو ایک بار پھر منافع بخش بنائیں اور یہاں کام کرنے والے ملازمین کے روزگار کو مکمل تحفظ فراہم کیاجائے گا ۔پاکستان اسٹیل ورکرز لیگ یو نین (رجسٹرڈ) کے جنرل سکریٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ اسٹیل ملز کی موجودہ سی بی اے یونین نے محنت کشوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے انہیں نا قابل تلافی نقصان پہنچا یا ہے ۔آج پاکستان اسٹیل ملز کی 85فیصد پیداوار بند ہے اور کرپشن کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے اور دوسری جانب سی بی اے یونین کے عہدیداران کی شاہ خرچیا ںاپنے عروج پر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز میں ہونے والے ریفرنڈم میںمحنت کش اپنے اتحاد کا مظاہر ہ کرتے ہوئے انہیں لوٹنے والوں کو نشان عبرت بنادیں گے جبکہ محنت کشوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنے والی یونین ”پاکستان اسٹیل ورکرز لیگ یو نین (رجسٹرڈ)” کو بھاری اکثریت سے فتح یاب کریں گے۔اجلاس سے رحیم اعوان ،یوسف رضی ،عبدالمالک جتوئی،ارسلان مغل ،اشفاق اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور(این این اے ) پاکستان جمہوری اتحاد پنجاب کے سیکرٹری جنرل رانا محمد ارشاد علی نے کہا ہے کہ کراچی کے حلقہ این اے256میں بڑے پیمانے پر بوگس ووٹنگ کے انکشاف نے پورے انتخابی عمل کوہی مشکوک بنادیا ہے، وہ گزشتہ شب یہاں کسان ونگ کے ضلعی نائب صدر چودھری مقبول احمد جٹ کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے ،مرکزی سیکرٹری جنرل رانا عاطف حمید،سینئر نائب صدر چودھری محمد اعظم حسرت، سیکرٹری اطلاعات شیخ شاہد حسین،سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن مرزا محمد رفیق ،ضلعی نائب صدر حاجی ولی محمد دادڑہ ،میجر محمد اسلم اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں،انہوں نے کہا نادرا کی رپورٹ سے متحدہ قومی موومنٹ کو ملنے والے بھاری مینڈیٹ کا پول بھی کھل گیا ہے ،ہم سمجھتے ہیں 11مئی کے عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو بھی اسی قسم کے مینڈیٹ سے نوازا گیا تھا،قوم موجودہ حکمرانوں کو ملنے والے ہوائی مینڈیٹ کا خمیازہ بھگت رہی ہے اور حکمران ٹولے نے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے غریب طبقات کو زندہ درگور کردیا ہے،رانا محمد ارشاد علی نے مزید کہا عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلیوں پر الیکشن کمیشن کے تمام اراکین فی الفور مستعفی ہوجائیں ،انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی معاملے کا از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ساہیوال(این این اے ) پیپلز پارٹی کے رہنما اور حلقہ پی پی225سے ٹکٹ ہولڈر چودھری شفقت علی چیمہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں میں تبدیلی دھاندلی کی شروعات ہیں جسکے خلاف ہر سطح پر احتجا ج کرینگے،آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت متوقع شکست سے بچنے کیلئے نئی حلقہ بندیاں کررہی ہے جس سے ووٹروں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا،انکا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں تھے مگر دھاندلی کے ماہر حکمرانوں کواچھی طرح معلوم ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اور انہیں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑیگااسلئیے غیر جماعتی الیکشن کروا کرہارس ٹریڈنگ کی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے،چودھری شفقت علی چیمہ نے کہا کہ پرانی حلقہ بندیاں توڑنے سے یونین کونسلوں کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوگا اور ریکارڈ کی منتقلی اور دستیابی میں لمبا عرصہ درکار ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی حلقہ بندیوں کیخلاف ہر سطح پر احتجاجی لائحہ عمل مرتب کریگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک(این این اے )تحصیل جنڈ کے پٹواری اور ریکارڈدونوں غائب ،حلقہ عوام پچھلے دو ماہ سے شدید تکلیف کا شکار ،علاقے کے معززین نے ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل جنڈ محکمہ پٹوار کا ریکارڈ کمپیوٹر رائز ہو رہا ہے ،اور تمام پٹواریوں کو تحصیل دار جنڈ نے اپنی ذاتی سرکاری کوٹھی میں پابند کر کے بیٹھایا ہوا ہے جبکہ حلقہ عوام پچھلے دو ماہ سے شدید تکلیف کا شکار ہیں اور زمین کے جملہ مسا ئل ملتوی ہوتے چلے جا رہے ہیں ،عوامی ریکارڈ کو حلقہ عوام کے سامنے رکھ کر کام کیا جائے حلقہ عوام کی وزیر اعلی پنجاب سے اپیل ہے کہ آفس ٹائم میں پٹواریوں کو پابند کیا جائے کے وہ آفس میں بیٹھیں اور عوام کے مسائل کو حل کریں اگر یہی صورت حال رہی تو شہری احتجاج پر مجبور ہونگے۔
اٹک(این این اے )مسلم لیگ (ن) کی حکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں تحصیل جنڈ کی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے تمام وسائل برئوے کار لائیں جائیں گے ان خیالات کا اظہار تحصیل جنڈ سے مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ملک ظفر اقبال نے اپنے حلقہ انتخاب کے لیے دو کروڑ روپے کا بجٹ منظور کرانے کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جنڈ پسماندہ تحصیل ہے علاقہ کی پسماندگی کو مد نظر رکھا جائے تو یہ بجٹ بہت کم ہے تاہم موجودہ ترقیاتی فنڈ سے جن منصوبوں اور سکیموں کی میں سمری بھیج چکا ہوں ان میں پنڈ سلطانی یونین کونسل ڈھوک آڑھا کے نالے کا کازوے ، کھنڈا یونین کونسل کے گاوں رتی کسی سے روندہ قبرستان کی سڑک کا منصوبہ ، دو کمرے ایک برآمدہ بوائز سکول بھنڈر ٹالی (ٹوڈہ ) ،مین روڈ جنڈ ، پنڈی گھیب سے روندہ ،ڈھوک بھیرہ ، ڈھوک مندووالی کی سڑک کا منصوبے کی سمری بھیج چکا ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک(این این اے )نامعلوم اشخاص نے نوجوان کو بے دردی سے قتل کر کے لاش ویرانے میں پھینک گئے تفصیلا ت کے مطابق حق نواز ولد میر داد سکنہ ڈھوک مہدی نے تھانہ صدر حسن ابدال میں بیان دیا ہے کہ میرا 25سالہ بیٹا ذوالفقار گھر سے نکلا جو واپس نہیں آیا دوران تلاش اُس کی لاش دریائے ہرو اڈہ اطن بٹہ کے پاس سروٹوں میں پڑی تھی جس کو میں نے شناخت کر لیا نامعلوم اشخاص میرے بیٹے کو بے دردی سے قتل کر کے فرار ہو گئے۔

اٹک(این این اے )رکشہ سو زوکی ڈرائیوروں کی من مانیاں ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کرایوں میں اضافہ کر دیا تفصیلا ت کے مطابق شکر درہ گاؤں ، مرزا ، پیپلز کالونی میں چلنے والے رکشہ اور سوزوکی ڈرائیور وں نے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے 10روپے کے بجانے 15روپے کرایہ وصول کیا جا رہا ہے ضلعی سیکرٹری آر ٹی اے کی طرف سے کرایوں میں اضافے کا کوئی نوٹیفیکیشن کا حکم جاری نہیں کیا لیکن اس کے باوجود بھی کرایے کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے شکردرہ کے عوامی سماجی حلقوں نے ڈی سی او اٹک سیکرٹری آر ٹی اے سے اصلاح احوال کی اپیل کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک(این این اے )اٹک سے راولپنڈی چلنے والی ریلوے ٹرین کی بندش ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان ملازمین کاروباری طبقہ پریشان حال سابقہ حکومت کے دور میں اٹک سے راولپنڈی چلنے والی ٹرین جس پر روزانہ اٹک سے سینکڑوں ملازمین او رکاروباری شخصیا ت راولپنڈی جاتی تھیں اور اپنے کام سر انجام دیکر اسی ریل کا رپر واپس اٹک آتے تھے ٹرین چلنے سے محکمہ ریلوے کولاکھوں روپے کی آمدن بھی تھی لیکن سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے تباہی کے دہانے پہنچ گیا آمدن دینے والی گاڑیوں کو بھی بند کر دیا گیا اٹک حسن ابدال کے سرکاری ملازمین کاروباری شخصیات نے وفاقی وزیر ریلوے سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ ریلوے کار کو دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ ملازمین کاروباری حضرات کو سہولت کے علاوہ ریلوے کو بھی آمدن ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک(این این اے )حکومتی پالیسی کے تحت گیس کے کنویں کے 5کلو میٹر کے علاقہ کے اندر سوئی گیس کی فراہمی کے احکامات پر فوری عمل در آمد کر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر جنڈ اور ملحقہ دیہات کو سوئی گیس جیسی بنیادی ضرورت فراہم کی جائے اور آئل فیلڈ کی رائلیٹی سے علاقہ میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کے علاوہ مقامی افراد کو ملازمتیں بھی فراہم کی جائیں ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ملک ظفر اقبال گلیال نے دکھنی آئل فیلڈجنڈ میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کے افسران ڈائریکڑ پروڈکشن ، پلانٹ منیجر ، لیبر یونین کے نمائندوں اور معززین علاقہ چوہدری فضل خان، چوہدری ارشد ، ملک آصف ،ملک بنارس ، چوہدری غلام شبیر، ملک تاج ، ملک شوکت اور محمد علی بھنڈر کے ساتھ مشترکہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ دکھنی او جی ڈی سی ایل فوری طور پر جنڈ شہر اور اس کے گر د ونواح کو سوئی گیس فراہم کرے اور مقامی افراد کو دکھنی آئل فیلڈ جنڈ میں ملازمتیں دی جائیں او جی ڈی سی ایل رائلٹی بھی جلد ازجلد فراہم کرے تاکہ اس علاقے کے مسائل حل ہو سکیں اس کے علاوہ 33سالوں سے سوئی گیس جیسی بنیادی ضرورت اور سہولت سے محروم نواحی دیہاتوں بھنڈر ، چھپڑی ،جابہ ، زیارت بیلہ ، اوچھڑی کو سوئی گیس دی جائے اوجی ڈی سی ایل حکام نے رکن پنجاب اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ تحصیل جنڈ کے علاقہ کو رائلیٹی اورملازمت کے لیے مقامی افراد کو ترجیحی دی جائے گی عوامی حلقوں نے دوٹوک موقف اپنانے پر ایم پی اے ملک ظفر اقبال گلیال کو زبرست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا مقدمہ لڑنے والے اس ملک میں بہت کم سیاستدان ہیں جو کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہیں اگر ایسے سیاستدان میدان عمل میں آ جائیں تو عوام کے مسائل جلد از جلد حل ہو سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک(این این اے )چھب اور لکڑ مار میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتیںاور منشیات کی سر عام فروخت پولیس پشت پناہی کر رہی ہے لکڑ مار چیک پوسٹ کا عملہ کوئی کاروائی نہیں کرتا اہلیان علاقہ کا الزام تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول ڈھوک نند رک ،گورنمنٹ گرلز سکول ڈھوک منصور سے پنکھے چوری کر لئے جبکہ مسجد حمزہ چھب سے یو پی ایس کی بیٹری اور محمد طفیل نامی شخص کے گھر سے سولہ تولہ وزنی زیورات چوری ہوئے لیکن کوئی چور نہیں پکڑا گیا دوسری طرف چھب لکڑ مار اور گردونواح میں چرس اور ہیروئن کی فروخت معمول بن چکی ہے اس بارے پولیس چوکی لکڑ مار کے سٹاف کو ساری صورتحال کا علم ہے لیکن کوئی قانونی کاروائی نہیں کی جاتی مذکورہ پولیس چوکی کے قریب ہی ایک ڈھوک پرہیروئن اور چرس سر عام فروخت کی جاتی ہے جس کی وجہ سے نئی نسل تباہ ہو رہی ہے سر عام جواء بھی کھیلا جاتا ہے لیکن کوئی روکنے والا نہیں اہلیان علاقہ نے بتایا کہ ان معاشرتی جرائم کی وجہ سے اس علاقہ میں شرفاء کا رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے ، اہلیان علاقہ نے کہا کہ ا س علاقہ میں ایس پی پرویز راٹھور کے دور میں پولیس آپریشن بھی ہوا تھا لیکن اس کے بعد تاحال جرائم پیشہ افراد کے خلاف موئثر کاروائی نہیں کی گئی انہوں نے مطالبہ کیا کہا ڈی پی او اٹک اسرار احمد عباسی خود اس علاقہ کا دورہ کریں حالات کا جائزہ لیں اور لکڑ مار چیک پوسٹ کے انچارج سے بگڑتے ہوئے حالات بارے جواب طلبی کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک(این این اے )زمین کا تنا زعہ تین اشخا ص اپنے سا تھیو ں سے ملکر لا کھو ں رو پے نقد ی اور لا کھو ں رو پے ما لیت کے مو یشی چو ری کر کے لے گئے تفصیلا ت کے مطا بق مسما ة وجیہ بیگم دختر راجہ امیر اختر سکنہ مکا ن نمبر 144 سیکٹر 10اسلا م آبا د نے تھا نہ نیو ایئر پورٹ میں بیا ن دیا ہے کہ میر ی زمین واقع مو رت گا ؤں ضلع اٹک میں ہیں جس کی نگرانی کیلئے شیر عبا س سا کن چھکڑالہ میا نوالی کو رکھا ہوا ہے مجھے شیر عبا س نے بتا یا کہ میں اپنے اہل خا نہ کے ہمراہ مو جو د تھا اسی اثنا ء میں غلا م محمد سکنہ چو نتر ا اپنے دیگر سا تھیو ں مدثر عز یز ،سکنہ پورڈ راولپنڈ ی دیگر پنج افراد مسلح آگئے اور آتے ہی شیر عبا س کا سا ما ن چھت سے نیچے پھینک دیا سا ما ن سے طلا ئی زیورات 2لا کھ رو پے نقد ،اور دس عدد گا ئیں اور تین بچھڑ ے ،ایک بندو ق بارہ بور بھی لے گئے مذ کورہ افرا د میر ی زمین پر نا جا ئز قبضہ کر نا چا ہتے ہیں پو لیس نے مقد مہ درج کر کے تفتیش شر وع کر دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک(این این اے ) ڈی پی او اٹک اسرار احمد خان کی ہدایت پر اٹک پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران سات روز میںمنشیات کے 26 مقدمات درج کر کے 36 بوتل شراب،10 کلو 180 گرام چرس، اسلحہ کے 11 مقدمات درج کر کے ایک پسٹل، ایک چاقو،38قارتوس برآمد کر لیے جبکہ قمار بازی کا ایک مقدمہ بھی درج ہوا۔ڈی پی او آفس کے ترجمان نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ڈی پی او اٹک اسرار احمد کان نے اٹک کے ایس ایچ اوزاور ایس ڈی پی اوز سمیت دیگر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کا عمل بلا روک ٹوک جاری رکھا جائے اور کسی سفارش کو خاطر میں نہ لایا جائے۔امن و امان کی بحالی اور معاشرے سے جرائم میںکمی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک(این این اے )تحصیل جنڈ کے لوگوں کو اپنے گائوں کے دور دراز دشوار گزار راستوں سے ہو کر کے اپنے کاموں کے سلسلے میں یونین کونسل کے دفتر آنا پڑتا تھا اب علاقہ کے عوام کی سہولت کے لیے 12یونین کونسلوں کو جنڈ شہر کی یونین کونسل میں ضم کر کے اس کو میونسپل کمیٹی بنا دیا گیا ہے جبکہ نئی حلقہ بندیوں میں چار نئی یونین کونسل قائم کرنے کی سفارش ڈی سی او اٹک کو روانہ کی جا چکی ہے اس میں موضع لکڑمار ، موضع مٹھیال، موضع چھپڑی اور موضع جلوال شامل ہیں ان حلقہ بندیوں پر ڈی سی او اٹک 10سے23اکتوبر تک اعتراضات وصول کریں گے 4نومبرکو کمشنر راولپنڈی باضابطہ فیصلہ کر کے نوٹیفکیشن جاری کر یں گے عوامی حلقوں نے نئی حلقہ بندیوں کا خیر مقدم کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اٹک (این این اے ) انٹر نیشنل مقابلہ خطوط نویسی میں مریم سلیم نے چوتھی پوزیشن حاصل کر کے اٹک کا نام روشن کر دیا پاکستان پوسٹ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان پوسٹ کے زیر اہتمام42 انٹر نیشنل مقابلہ خطوط نویسی کی پیراماؤنٹ پبلک ہائی سکول اٹک کینٹ میںمنعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر اٹک افتخار عالم نے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی ہر میدان میں کاوشیں قابل تحسین ہیں خصوصاً عوام میں تعلیمی شعور بیدار کرنے اور نوجوانوں کو حصول علم کی طرف راغب کرنے کے اقدامات ہیں انہوں نے کہا کہ پیراماؤنٹ پبلک ہائی سکول اٹک کینٹ 9th کی طالبہ مریم سلیم دختر شاہد سلیم( مرحوم) کوملک بھر میں چوتھی پوزیشن حاصل کر کے اٹک کا نام روشن کر دیا اس موقع پر پرنسپل عقیل شاہ نے اساتذہ اوربچوں کو پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے تعلیم یافتہ نوجوان قوم اور ملت کا سرمایہ ہیں اور یہی نوجوان حصول علم کے ذریعے اپنے وطن کا نام روشن کریں گے اس موقع پر اسسٹنٹ سپرینڈنٹ فیلڈ پوسٹل لائف انشورنس اٹک محمد ریاض نے پوسٹ آفس میں رائج بچت کی سکیموں اور پوسٹل لائف انشورنس کی افادیت سے سٹاف و طلبہ کو آگاہ کیااور پوزیشن ہولڈر بچوں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی(این این اے )سندھ ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے والے جماعت اسلامی اور الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کے کارکنوں ،رضاکاروں اور لگائے جانے والے کیمپوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرے۔تفصیلات کے مطابق منگل 8اکتوبر کو یونس بارائی کی پٹیشن کی سماعت فاضل عدالت کے ججز جسٹس غلام سرور کورائی اور جناب جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کی ۔عدالت عالیہ نے درخواست گزارکی پٹیشن پر حکم جاری کرتے ہوئے لا انفورسمنٹ ایجنسیز کو پابند کیا ہے کہ وہ جماعت اسلامی اور الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے تحت عید الاضحی کے موقع پر، لگنے والے کیمپوں اور ان کے ورکرز اور جانور کی قربانی کرنے والے عوام کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کریں۔اس سلسلے میں تمام ایجنسیز نے عدالت عالیہ کو تحریری یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہر ممکن سیکورٹی فراہم کریں گے اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام نے اپنے ذاتی اور سرکاری رابطہ نمبرز بھی پٹشنرکو فراہم کیے ہیں۔دریں اثناء یونس بارائی نے اس امید اور توقع کا اظہار کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عدالتی احکامات پر اس کی روح کے مطابق عمل کریں گے تاکہ کراچی کے عوام عید قرباں کا مقدس فریضہ بلا خوف و خطر انجام دے سکیں،انہوں نے کہا کہ ہر سال کھالیں جمع کرنے والے کارکنوں کو حراساں کیا جاتا ہے،اور کیمپوں سے کھالیں چھین لی جاتی ہیں،عدالتی احکامات کے بعد امید ہے کہ یہ سلسلہ ختم ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور(این این اے )امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی کے حلقہ 256 سے نادرا کے ذریعے ووٹوں کی ری چیکنگ سے جس بڑے پیمانے پر بوگس ووٹنگ کا حیران کن انکشاف ہواہے اس نے 90 فیصد مینڈیٹ کے دعویداروں کا پول کھول دیا ہے ۔کراچی اور حیدر آباد سمیت ایم کیو ایم جہاں جہاں سے کامیاب ہوئی ہے اسی طرح جعلی ووٹ ڈالے گئے ہیں جن کی تصدیق نہیں ہوسکتی ۔کراچی میں گزشتہ30 سال سے بندوق کی نالی سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے جبکہ سیکیورٹی ادارے اور ایجنسیاں سب کچھ دیکھتے ہوئے بھی زبان کھولنے کو تیار نہیں ہیں ۔ سابقہ حکومتیں ایم کیو ایم کی سرپرستی کرتی رہی ہیں۔چیف جسٹس کے حکم کے مطابق نئی حلقہ بندیوں اور فوج کی نگرانی میں انتخابات ہوجاتے تو کراچی کے انتخابی نتائج بالکل مختلف ہوتے ۔جہاں قدم قدم پر موت کا رقص جاری ہو وہاں لوگ آزاد مرضی سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کیسے کرسکتے ہیں۔انتخابات کے نتائج کو صرف اس لئے تسلیم کیا کہ ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کی جو کوششیں ہورہی تھیں ان کا راستہ بند کیا جاسکے ،سید منورحسن نے کہا کہ کراچی کے ہر حلقے میں دھاندلی کی پوزیشن ایک سی ہے ،جس طرح این اے 256میں صرف سات ہزار کے قریب اصلی اور باقی سب جعلی ووٹوں کی رپورٹ آئی ہے اسی سے ملتی جلتی صورت حال ہر جگہ دیکھنے میں آئی ،جن ایک دو حلقوں میں تحریک انصاف اور دیگر پارٹیوں کے امیدوار کامیاب ہوئے ان حلقوں کو صرف اس لئے چھوڑا گیا کہ انتخابات کے مکمل بائیکاٹ سے بچا جاسکے اور ایم کیو ایم کا کراچی پر قبضہ برقرار رکھا جاسکے ۔اگر تمام پارٹیاں جماعت اسلامی کی طرح یک طرفہ انتخابات کا بائیکاٹ کردیتیں تو ایم کیو ایم اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہ ہوتی،سید منور حسن نے کہا کہ اب بھی ٹارگٹڈ آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ کو خوف و ہراس سے نکالنے کی ضرورت ہے کہ تمام محبت وطن قوتیں مل بیٹھیں اور کراچی سمیت سندھ اور پاکستان کو قبضہ گروپوں سے نجات دلانے کی کوئی راہ نکالی جائے ،انہوں نے کہا کہ کراچی میں اب تک جتنے آپریشن ہوئے وہ صرف اس لئے ناکامی سے دوچار ہوئے کہ آپریشن کرنے والوں کے جان و مال کے تحفظ کی کسی حکومت نے ضمانت نہیں دی اور آپریشن کرنے والے پولیس ملازمین کو بعد میں چن چن کر قتل کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے انتخابات کا بائیکاٹ کرکے الیکشن والے دن شہر کو خون میں نہلانے اور ہر پولنگ اسٹیشن پر درجنوں لوگوں کے قتل عام کے منصوبے کو ناکام بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی کے انتخابات کا پول کھلا ہے بہت جلد ملک بھر میں ہونے والی دھاندلیوں کا منظر نامہ بھی عوام کے سامنے آنے والا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور(این این اے )سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ کراچی اور حیدر آباد کے عوام کو 11مئی کے عام انتخابات میں جمہوری حق سے محروم رکھا گیا۔ یہ صرف ایک قومی حلقہ میں دھاندلی کا معاملہ نہیں جس حلقہ کی بھی تحقیقات ہوں گی ، اس سے زیادہ دھاندلی اور جمہوری حق پر ڈاکہ بے نقاب ہوگا۔ کراچی اور حیدر آباد میں جمہوری حق کی بحالی ، امن کے قیام ، ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوری کی بیخ کنی کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں کا انتخابات کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخاب کرایا جائے ،لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں زلزلہ کے متاثرہ علاقوں میں جماعت اسلامی کی جانب سے متاثرین میں آئندہ تین ماہ کے لیے فوڈ پیکیج تقسیم کیا جائے گا اور بچوں و بچیوں کے لیے تعلیمی کیمپ لگائے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے کارکنان و رضا کار بھر پور کام کر رہے ہیں ۔ پکاہوا کھانا ، راشن پیکیج اور میڈیکل ریلیف کیمپ کام کررہے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ بلوچ علاقوں کے بعد اب پشتون علاقوں میں بھی تخریب کاری ، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کا سلسلہ شروع ہو گیاہے ۔ امریکہ اور بھارت بڑے پیمانے پر تخریبی کاروائیوں کی سرپرستی کررہے ہیں ۔ افغانستان میں بھارتی قونصل خانے پاکستان میں دہشتگردی کے لیے افراد تیار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت تو مہیا کیے لیکن بلوچستان میں ناراض نوجوانوں کی ناراضگی کے ازالہ کے لیے تیز رفتاراقدامات نہیں کر رہے ۔انہوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کی بازیابی اور مسخ شدہ لاشوں کا مسئلہ حل ہونے کی بجائے اور زیادہ طول پکڑ رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان میں امن کے لیے مثبت اقدامات کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بہاول پور(این این اے ) محکمہ ڈاک عوام کوبہترسے بہترخدمات فراہم کرنے میں دن رات کوشاں ہے ڈاک کانظام صدیوں پراناہے خلیفہ دوئم حضرت عمرکے دورمیں قائم کیاگیا ان خیالات کااظہار ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز بہاول پور صفدراقبال نے9 اکتوبر ورلڈ پوسٹ ڈے کے حوالہ سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسزآفس بہاول پورمیں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا پورے پاکستان کی طرح بہاول پورمیں بھی 9 اکتوبرکوورلڈ پوسٹ ڈے کے حوالہ سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس بہاول پورمیں تقریب کااہتمام کیاگیا اس موقع پر سینئرپوسٹ ماسٹر بہاول پور محمداسماعیل ،سینئرپوسٹ ماسٹر لودھراں راناشفیق الرحمان اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بہاول پور فخرعباس ،اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بہاول پوغربی حبیب الرحمان ،اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ شرقی خرم بہزادنقوی ،اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ لودھراں شاہدعزیز ، پوسٹ ماسٹر مسرت عباس ودیگرملازمین نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسزبہاول پورصفدراقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاک کانظام صدیوں پرانا ہے جس کی بنیاد خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق کے دورمیں ڈالی گئی ایک وہ زمانہ تھا کہ جب محکمہ ڈاک کاکام صرف لفافے خطوط رجسٹریاں پارسل اورمنی آڈرز تک محدودتھا لیکن آج کے جدیددورمیں اس نظام میں کافی جدت آچکی ہے محکمہ ڈاک نے عوام کو فیکس منی آڈر الیکڑانکس منی آڈر ویسٹرین یونین کی ادائیگی ارجنٹ میل سروس اور بین الاقوامی سپیڈ پوسٹ جیسی تیزترین کم قیمت سروسز سے روشناس کروایاہے انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک نے اس برقی میڈیا کے دورمیں بھی اپنا منفرد مقام بنایاہے اورعوام کوبہترسے بہتر خدمات دینے میں دن رات کوشاں ہیں اورمستقبل میں بھی بہتر معیاری خدمات جدیدطرز پر مہیا کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بہاول پور(این این اے )ینگ ڈاکٹرز کی برطرفی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی زبردست احتجاجی ریلی،سرکلر روڈ پر کئی گھنٹے تک دھرنا،پنجاب حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی،برطرف ینگ ڈاکٹرز کو بحال نہ کیا گیا تو ہڑتال کے آپشن پر غور کر سکتے ہیں،وائے ڈی اے کی دھمکی۔تفصیل کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 63ہائوس آفیسرز کی برطرفی کو بیس دن ہو چکے ہیں لیکن ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(YDA)کی بارہا میٹنگز اور پر امن احتجاج کے باوجود تا حال برطرف ینگ ڈاکٹرز کو بحال نہیں کیا گیا۔ینگ ڈاکٹرز نے اپنے اعلان کے مطابق آج آپریشن تھیٹر سے ایم ایس آفس تک ریلی نکلالی اور ایم ایس کی جانب سے خاطر خواہ جواب نہ ملنے پر ینگ ڈاکٹر ز نعرے لگاتے ہوئے سرکلر روڈ پر نکل آئے اور کئی گھنٹے تک دھرنا دیا۔اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں ڈاکٹر تنویر باجوہ،ڈاکٹر عامر مجید،ڈاکٹر ناصر وکیل،ڈاکٹر ذولقرنین،ڈاکٹر رضوان چوہدری،ڈاکٹر اسد فراز،ڈاکٹر کامران،ڈاکٹر خاور،ڈاکٹر صہیب اور ڈاکٹر جہانزیب کا کہنا تھا کہ لگتا ہے حکومت کو ہمارا پر امن احتجاج قبول نہیں۔ہماری بھرپور کوشش ہے کہ احتجاج کا کوئی ایسا طریقہ اختیار نہ کیا جائے جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز جن کو ہسپتالوں میں ڈیوٹیز پر ہو نا چاہیئے تھا وہ حکومت کے ظالمانہ رویے کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔ینگ ڈاکٹرز کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وکٹوریہ ہسپتال،نشتر ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال میں پہلے ہی ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے لیکن حکومت پنجاب نے خالی آسامیوں پر ڈاکٹرز بھرتی کرنے کے بجائے پہلے سے کام کرنے والے ڈاکٹرز کو برطرف کر کے جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔ اس موقع پرڈاکٹر وسیم رفیق،ڈاکٹر عمران صفدر،ڈاکٹرزین،ڈاکٹر ذیشان،ڈاکٹر خالد،ڈاکٹر سدرہ،ڈاکٹر جہانزیب،ڈاکٹر عتیق الرحمٰن ،ڈاکٹر احمد علی، اورڈاکٹر جہانگیر اکبر بھی موجود تھے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بہاول پور(این این اے ) ممبر قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا ہے کہ سکول طالبات تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ گرلز گائیڈ کی تربیت حاصل کریں تاکہ ان کی زندگی میں نظم و ضبط اور ایک دوسرے سے ہمدردی کرنے کا جذبہ اجاگر ہو سکے۔ وہ گرلز گائیڈ بہاولپور میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرر ہی تھیں۔اس موقع پر ای ڈی او ایجوکیشن اشفاق گجر،کمشنر گرلز گائیڈ ہاؤس سلمیٰ صغیر،مسز سعدیہ نعمان حقی،ڈی ای او ایلیمنٹری فرحت تحسین بھی موجود تھیں۔ایم این اے بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا کہ تحصیل سطح پر گرلز گائیڈ کے حوالہ سے فوکل پرسن بنائی جائیں جو ہائی اور مڈل سکولوں سے وابستہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام گرلز سکولوں میں گائیڈ بنا کر انکو فعال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ طالبات کو ترغیب دیں کہ وہ گرلز گائیڈ بن کر اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ طالبات بہت محنتی اور ذہین ہیں جو علم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرر ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جس سے ترقی کا حصول ممکن ہے۔ ایم این اے نے کہا کہ معاشرہ میں امن و امان کے قیام اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے طالبات نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ قبل ازیں کمشنر گرلز گائیڈ ہاؤس سلمیٰ صغیر اور ای ڈی او ایجوکیشن اشفاق گجر نے بھی گرلز گائیڈ کی اہمیت و افادیت کے حوالہ سے اظہار خیال کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل ( این این اے )نامعلوم کار سوار چور مووی سنٹر کے تالے توڑکر لاکھوں روپے مالیت کا سامان نقدی چوری کرکے لے گئے تفصیل کے مطابق غنی پلازہ پیرمحل میں موجود چک 320گ ب کے رہائشی راحیل احمد کی دکان آرزومووی ویڈیوسنٹر کے تالے توڑکر نامعلوم کار سوار چار ایل سی ڈیز ، موویز سامان نقدی 70ہزارروپے چوری کرکے کار میں ڈال کر یونہی اگلی دکان کے تالے توڑنے لگے چوکیدار کے آنے سے نامعلوم کارسوار چور مسروقہ سامان سمیت فرارہوگئے یادرہے کہ اس مارکیٹ میں اسی طرز کی دوسری واردات ہے اس سے پہلے محمد سخی بابر کی موبائل فون دکان کے تالے توڑکرنامعلوم چوروںنے 80ہزا رروپے مالیت کاسامان موبائل فون اسیسرز چوری کرلی تھیں جن کا آج تک سراغ نہ مل سکا مجموعی طورپر قفل شکنی کی چھٹی واردات ہے جس میںاسی طرز پر رات کے وقت تین کپڑے کی دکانوں میں جبکہ تین موبائل فون کی دکانوں کی قفل شکنی کرکے لاکھوں روپے کا سامان کپڑا موبائل فون چوری کرلیا تھا ان وارداتوں کا آج تک پتہ نہ چل سکا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل ( این این اے ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے بھانجے معروف سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر کشف ریاض اللہ چیئرمین ضلع کونسل کے امیدوار کے لیے میدان میں آگئے جن کو ضلع بھر کے پاکستان مسلم لیگ ن کے منتخب ایم این اے ، ایم پی اے ، سابق ناظمین یونین کونسل ہائے ، کونسلر ز سمیت سیاسی حلقوں کی حمایت حاصل ہے موصوف گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے بھانجے اور سیاست کے میدان میں نوآموز محنتی ورکرکے طورپر سیاست کا عملی تجربہ رکھتے ہیں ان کے والد چوہدری ریاض اللہ سلیم پوری کھیکھا ذیل کے معروف سیاستدانوں میں تصور کیے جاتے تھے ان کو سیاست ورثہ میں ملی ڈاکٹر ریاض اللہ کے سیاست میں آنے کے اعلان نے ضلع بھر کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل ( این این اے )آئے روز ڈکیتی راہزنی قفل شکنی وارداتوں سے خوف زدہ تاجروں کا شٹرڈائون کرکے پولیس کے خلاف احتجاج اللہ چوک میں مرکزی انجمن تاجران پیرمحل کے زیراہتمام تاجروں کی احتجاجی ریلی سے محمد صدیق پیارا سابق تحصیل نائب ناظم ، ڈاکٹر کشف ریاض اللہ کے پولیٹکل سیکرٹری محمد قاسم بھٹی نعیم اخترجانباز کا خطاب فی الفور کرپٹ پولیس قیادت کو ضلع بدر کیاجائے تاجران مقررین کا ٹائر جلاکر فیصل آباد ملتان روڈ بلاک کرکے احتجاج ومطالبہ تفصیل کے مطابق پیرمحل شہر کے وسط میں آئے روز تاجروں کی دکانوں کی قفل شکنی کی وارداتیں ، موٹرسائیکل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا غنی پلازہ پیرمحل میں مووی سنٹر کی دکان سے لاکھوں روپے کی واردات ہونے پر پیرمحل چوکی پولیس کے خلاف انجمن تاجران پیرمحل نے شہر بھر کا شٹر ڈائون کرواکر فیصل آبا دملتان روڈ بلاک کردی انجمن تاجران پیرمحل کے زیر اہتمام اللہ چوک پیرمحل میں ریلی نکالی گئی تاجران نے اللہ چوک پیرمحل میں کئی گھنٹے پولیس کے خلاف دھرنا دیتے ہوئے چوکی انچارج کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تاجران کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد صدیق پیارا سابق تحصیل نائب ناظم ، ڈاکٹر کشف ریاض اللہ کے پولیٹکل سیکرٹری محمد قاسم بھٹی نعیم اخترجانباز ، چوہدری محمد طارق مرکزی صدر انجمن تاجران پیرمحل ، دیگرنے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی اوٹوبہ ٹیک سنگھ کو فی الفور پیرمحل میں ہونے والی قفل شکنی ، ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کا مطالبہ کیا اس موقع پر چوہدری امان اللہ ، حاجی محمد نعیم نائب صدر مرکزی انجمن تاجران ، عبدالستار سلیمی ، حاجی محمد ریاض ، محمد رمضان جانی برتن سٹور والے ، پرویز اخترصدرکریانہ یونین محمد انور کلاتھ ہائوس ، حاجی محمد ر مضان ، حاجی فقیر محمد ،حاجی فقیر محمد سابق وائس چیئرمین، چوہدری دلشاد احمد ، مہر محمد عارف کھتران سمیت شہر بھر کے تاجران کی ذیلی تنظیموں اور تاجران نے شرکت کی مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جس پر انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل ( این این اے )عیدالالضحٰی کی آمد لیڈی ہیلتھ ورکرز تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم دن رات خدمت کے لیے کوشاں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر لیڈی ورکر کے گھروں کے چولہے بجھ گئے نوبت فاقوں تک آپہنچی اگر تنخواہیں نہ ملیں تو ہمارے بچے عید کی خوشیوں سے محروم ہوجائیں گے تفصیل کے مطابق محکمہ صحت حکومت پنجاب کی طرف سے تعینات لیڈی ہیلتھ ورکرز جن کاکام گلی گلی محلہ محلہ گائوں گائوں جاکر خواتین بچوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہوتا ہے دوردراز کے علاقہ جات میں کام کرنے کے باوجود پیرمحل مرکز سمیت ضلع بھر کی کی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے اپنی گرہ سے کرایہ خرچ کرکے لیڈی ہیلتھ ورکرز دوردراز کے دیہات میں کام کرنے کے باوجود تنخواہوں سے محروم ہے عیدالالضحٰی میں صرف سات روز باقی ہے مگر لیڈی ہیلتھ ورکرز کوتین ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے کے باعث لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ان کے اہل خانہ بچے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث عید کی خوشیوں سے محروم ہوجائیں گے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے وزیر اعلیٰ پنجاب گورنر پنجاب ، کمشنر فیصل آباد ، ڈی سی اوٹوبہ ٹیک سنگھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو عید سے پہلے تین ماہ کی تنخواہ دی جائے تاکہ ہمارے بچے بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں