IMFکی ڈکٹیشن پرمنافع بخش ادارے آئیسکو کی نجکاری نہیں ہوں دیں گے
Posted on October 10, 2013 By Majid Khan اسلام آباد
اسلام آباد : IMFکی ڈکٹیشن پر منافع ادارے آئیسکو کی نجکاری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔حکومت اور آئیسکو انتطامیہ کو آئیسکو کے محنت کشوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی۔وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی اور آئیسکو انتظامیہ ملازمین کو عید بونس دینے کا اعلان کریں اور اسکی ادائیگی عید سے قبل کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے صدر محمد عاشق خان نے آئیسکو ہیڈ آفس میں بونس ، نجکاری اور دیگر مسائل کے حل کے لئے ریجن بھر سے آئے ہوئے آئیسکو ملازمین کے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد عاشق خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ منافع بخش اداروں کو فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس کے خلاف ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنیں گے۔ ہمارے لائن سٹاف نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے آئیسکو کو ایک منافع بخش اور کامیاب ادارے بنانے میں رات دن لگا دیے مگر ان کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں۔ لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے جنرل سیکرٹری سید تنویر حسین کاظمی نے شرکاء مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا آئیسکو انتظامیہ محنت کشوں کے حقوق کو دبانے کی کوشش نہ کرے محنت کش اب جاگ چکے ہیں اور ان کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیسکو ملازمین کی ٹائم سکیل اپ گریڈیشن، کلاسIVملازمین کی اپ گریڈیشن، ڈرائیورز کی اپ گریڈیشن، پری میچور انکریمنٹ اپ گریڈ کیے جانے والے تمام ملازمین کو بھی دی جائے۔
وائس چیئرمین لیبر یونیٹی لالہ یعقوب نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کی دن رات کی محنت کی وجہ سے آئیسکو نے اس سال19ارب منافع کمایا ہے مگر اس کے باوجود آئیسکو ملازمین کو انکاحق عید بونس نہیں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عید سے قبل بونس کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ اسلام آباد سرکل کے زونل چیئرمین لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آئیسکو ملازمین کی واحد نمائندہ یونین ہے اور ریجن بھر کے ملازمین ہم پر اعتماد اور بھروسہ کرتے ہیں ہم لوگوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
ڈاکٹر علی انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اکائونٹس / آڈٹ اسسٹنٹ کو BPS-16دینے کی منظوری دی تھی مگر آئیسکو انتظامیہ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے آرڈرز کو منانے سے انکار کر دیا ہے۔ لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے احتجاجی مظاہر ے میں شریک شرکاء نے اپنے مطالبات منوانے کے لئے انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com