اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر کل نیشنل پاور کنٹرول سینٹر جا کر جائزہ لیں گے کہ کہیں کے ای ایس سی کو نیشنل گرڈ سے معاہدے سے زیادہ بجلی تو نہیں دی جا رہی۔ عابد شیر علی کہتے ہیں کہ اگر بجلی کی زیادہ سپلائی ثابت ہو گئی تو کے ای ایس سی کو بجلی دینا بند کر دی جائے گی وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 4 روز سے کے ای ایس سی نے 650 میگاواٹ کے معاہدے سے زیادہ بجلی نہیں لی۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وہ کل خود نیشنل کنٹرول سینٹر جائیں گے اور کے ای ایس سی کو جانیوالی بجلی مانیٹر کریں گے جب کہ ریکارڈ بھی چیک کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار روز میں کسی بھی لمحے کے ای ایس سی کو 650 میگاواٹ سے زیادہ بجلی دیا جانا ثابت ہو گیا تو پھر نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کی انتظامیہ کو نہیں چھوڑا جائے گا اور کے ای ایس سی کو بجلی کی سپلائی بند کر دی جائے گی۔