معروف بھارتی اداکار امیتابھ بچن کی آج 71 ویں سالگرہ

Amitabh Bachchan

Amitabh Bachchan

ممبئی (جیوڈیسک) ممبئی معروف بھارتی اداکار امیتابھ بچن کی آج 71 ویں سالگرہ ہے۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر الہ آباد میں 11 اکتوبر 1942 کو پیدا ہونے والے امیتابھ بچن کے فنی سفرکا آغاز 1969 میں فلم سات ہندوستانی سے ہوا جس کی ناکامی کے باوجود انہیں اس کیلئے بہتریں نووارد اداکار کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ ملا۔ ان کی دوسری فلم آنند کاروباری اور تنقیدی لحاظ سے کامیاب رہی اور پھر پروانہ نامی فلم میں وہ منفی رول میں نظر آئے۔ 70 کی دہائی میں شہرت کی بلندیوں کو چھو لینے والے امیتابھ بچن آج بگ بی کے نام سے مشہور ہیں اور تقریبا 180 فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

1973 میں انہوں نے ابھیمان، چپکے چپکے، شعلے، زنجیر اور سلسلہ سمیت اپنی دیگر کامیاب فلموں کی کو اسٹار جیا بہادری سے شادی کی۔ 1984 میں فلم لائن کو خیرباد کرنے کے بعد امیتابھ نے سیاست میں قدم رکھا، لیکن ان کا سیاسی سفر مختصر رہا۔ 1988 میں امیتابھ نے سپرہٹ فلم شہنشاہ سے دوبارہ اداکاری شروع کی مگر اس کے بعد کی فلمیں امیتابھ کو ان کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے میں ناکام رہیں اور کچھ ہی عرصے بعد وہ ایک بار پھر فلم نگری سے کنارہ کش ہو گئے۔

سال 2000 میں بگ بی کون بنے گا کروڑ پتی نامی کوئز شو کے ذریعے چھوٹے پردے پر پہلی بار جلوہ گر ہوئے اور تب سے اب تک کئی کامیاب فلموں میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ اس شوکے کئی سیزنز کے میزبان رہ چکے ہیں۔ رواں سال انہوں نے دی گریٹ گیئٹسبی میں مختصر رول کے ذریعے ہالی ووڈ ڈیبیو کیا ہے اور مستقبل میں مزید ہالی ووڈ فلمز میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔