تعلیم میں مقابلے کا رحجان فروغ علم کے ساتھ ذہنی تخلیق میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ڈاکٹر سلمان فریدی

کراچی : لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کراچی لیٹریری اینڈ ڈبیٹنگ سوسائٹی کے تحت پہلا آل کراچی اردو انگریزی تقاریری مقابلے کا انعقاد شہر کی ممتاز 27 کالجز اور جا معات کے طلباء و طالبات نے مقابلے میں حصہ لے کر اپنے جوش خطابت کے جوہر دکھا ئے اس موقع پر شہر کی ممتاز شخصیات کالجزو جامعات کے طلباء وطالبات اور اُن کے والدین کے علاوہ اساتذہ کرام بھی موجود تھے ،شرکاء تقریب نے بہترین مقرر کو بھر پور داد دی اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

پہلا آل کراچی تقاریری مقابلے میں متفرق عنوان پر طلباء و طالبات نے اپنے جوش خطابت سے تقریب کو چار چاند لگا دیا تقاریر کے عنوان میں “نیکی کر فیس بک پر ڈال” “ہم جہد مسلسل کی قسم کھا رہے ہیں ” “مانگے ہوئے سورج سے کبھی سویرا نہیں ہوتا”اور تعلیم کے فروغ اور معاشرے کے کردار پر دیگر موضوعات شامل تھے ۔مقابلے میں لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کراچی ،کراچی یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی،جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، جناح میڈیکل یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج شاہراہ لیاقت، گورنمنٹ لارنس کالج، سرسید گورنمنٹ کالج، پاکستان نیوی کالج اپواء گورنمنٹ کالج فار وویمن، فاطمہ جناح میڈیکل کالج ، بحریہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، خاتون پاکستان کالج،پی ای سی ایچ ایس کالج، ڈی ایچ اے کالج کے علاوہ دیگر کالجز کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔

لیاقت نیشنل ہسپتال ومیڈیکل کالج کراچی کے تحت منعقدہ پہلا آل کراچی تقاریری مقابلے میں اُردو سیکشن میں اول ،وفاقی اُردو یونیورسٹی کی شہزادی کنول ،دوئم جناح میڈیکل ڈینٹل کالج کے حسن عباس اور سوئم گورنمنٹ لارنس کالج کی فضا کنول جبکہ انگریزی مقابلے میں اول بحریہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے فیصل ہاشمی، دوئم سرسید انجینئرنگ یونیورسٹی کے سید عمر علی کاظمی اور سوئم ڈی اے کالج کی صبا راشدرہیں اس موقع پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہاکہ تعلیم میں مقابلے کا رحجان نہ صرف علم کے فروغ کا باعث ہے بلکہ مقابلے سے طالب علموں کی تخلیق اور ذہن کو کشادہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے طلباء و طالبات کی جانب سے تقاریری مقابلے میں پیش کئے جوہر خطابت کو سراہتے ہوئے لیٹریری اینڈ ڈبیٹنگ سوسائٹی لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کوتمام ٹیم کو شاندار تقریب کے انعقاد خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہاتقریب سے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل و ڈین اور چیئر مین اکیڈمک کونسل پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو،چیئر پرسن لیٹریری اینڈ ڈبیٹنگ سوسائٹی صبا نور نے بھی خطاب کیا اس موقع پر ڈاکٹر سلطان احمد ڈاکٹر ذاہدہ نقوی،ڈاکٹر خورشید حیدر ،ڈاکٹر نوین فریدی ،ڈاکٹر خورشید ہاشمی ،پروفیسر انیس زیدی رضوان جعفر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر امیر علی شورو نے کہاکہ لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج عوام کو معیاری طبی سہولیات ،طبی تعلیم کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے ہر شعبے میں ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے بھی کوشاں ہے اس موقع پر ڈاکٹر سلمان فریدی اور پروفیسر امیر علی شورو نے تقاریری مقابلے میں اول ،دوئم اور سوئم آنے والے طلباء و طالبات میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے اس موقع پر لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے اپنی جانب سے تقاریری مقابلے میں اول کو 5 ہزار دوئم اور سوئم آنے والوں کو 3،3ہزار روپے کیشن دینے کا اعلان کیا۔