کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے لاپتہ ہونے والے کارکنوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔
ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین کا کہنا تھا کہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود شہر میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، دہشتگردی کے واقعات اور اسٹریٹ کرائم میں کوئی کمی نہیں آئی جبکہ آپریشن میں ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں ایم کیو ایم کے تین کارکنان عارف نظامی، محمد علی اور محمد نعیم کو سادہ لباس میں ملبوس سیکیورٹی اہلکاروں نے اغوا کیا جن کا اب تک کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔ اس موقع پر لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے حکومت اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے پیاروں کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔
پریس کانفرنس کے بعد لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے ایم کیو ایم ارکان اسمبلی کے ہمراہ پریس کلب کے باہر مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ان کے پیاروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے اور انہیں سامنے لایا جائے۔