لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین ایگری فورم پاکستان ڈاکٹر ابراہیم مغل کا کہنا ہے کہ ملک میں اری 6 کی فصل تیار ہو کر مارکیٹ میں آگئی ہے۔ بیوپاریوں نے ملی بھگت کرکے اری 6 کی قیمت 1100 روپے سے کم کرکے 750 روپے من کر دی۔
قیمت میں اس کمی سے پاکستان بھر کے کسانوں کو تقریبا 17 ارب روپے کا مالی نقصان ہوگا۔ کسان عید کے موقع پر لٹنے لگے، ضرورت مند کسان اپنی اری 6 کی فصل لاگت سے بھی کم قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور اور حکمران اس پر خاموش ہیں۔
چیئرمین ایگری فورم نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاسکو کے ذریعے مونجی کی خریداری شروع کرے اور کسانوں سے اری 6 گیارہ سو روپے من اور باسمتی 2200 روپے من ڈائریکٹ خریداری کرے۔ انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ملک میں جاری گندم کی فصل کے خریداری نرخ 1500 روپے من اور گنے کی تیار فصل کے خریداری نرخ 300 روپے من فی الفور مقرر کئے جائیں ورنہ حکومت کو آئندہ سال 600 سے 700 ارب روپے کی زرعی اجناس درآمد کرنا پڑ سکتی ہیں جس سے ملک کا قیمتی زرمبادلہ بھی ضائع ہوگا اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سامنے ہاتھ بھی پھیلانے پڑیں گے۔