اضلاع کی خبریں 11.10.2013

تحفظ ناموس رسالت کیلئے ملت اسلامیہ کا ایک ایک فرد ممتاز قادری کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوجائے
گوجرانوالہ (جی پی آئی)سجادہ نشین آستانہ عالیہ بریلی شریف (انڈیا) ڈاکٹر علامہ محمد عمر رضا خان نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت کیلئے ملت اسلامیہ کا ایک ایک فرد ممتاز قادری کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوجائے۔ انسانی حقوق کے نام پر اسلامی شعائر کا مذاق نہیں اڑانے دیں گے۔ امام احمد رضا بریلوی نے بدعقیدگی کے خاتمے اور عشق رسولۖ کے فروغ کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت جامع مسجد زینت المساجد میں جامعہ حنفیہ رضویہ سراج العلوم کے 61 واں دو روزہ سالانہ جشن دستارِ فضیلت سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت امیر جماعت رضائے مصطفےٰ مفتی پیر ابودائود محمد صادق قادری نے کی۔ دو روزہ تقریبات سے علامہ حسن علی رضوی، پیر سید مراتب علی شاہ، الحاج محمد حفیظ نیازی، علامہ عبداللطیف مجددی، صاحبزادہ محمد دائود رضوی، علامہ منور حسین عثمانی، علامہ رضا المصطفےٰ ظریف القادری، مولانا نور المصطفےٰ رضوی، مولانا محمد یوسف رضوی، محمد رئوف رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ غوث رضا، سرفراز احمد تارڑ، مولانا خالد حسن مجددی، حافظ محمد رفیق قادری، مولانا محمود اکرم رضوی، پروفیسر عطاء الرحمن رضوی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ فارغ ہونیوالے طلباء کی دستاربندی اور اسناد دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یارسول اﷲ کی صدائوں کو دبانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس ہدایت کے سرچشمے اور اسلام
کے قلعے ہیں جو تمام تر مصائب و مشکلات کے باوجود دین کی تبلیغ و اشاعت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے زوال کی وجہ عدم اتحاد اور اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ مساجد میں جمعة المبارک کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کرائیں گئیں۔ بعد نماز جمعة المبارک مرکزی جامع مسجد نور میں احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔ جس میں سنی اتحاد کونسل کے رہنمائوں الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ محمد دائود رضوی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، قاری غلام سرور حیدری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، قاضی محمد یعقوب رضوی، حافظ آصف علی اویسی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے معاملے میں اقوام متحدہ سے رجوع کرے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام کا دشمن پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا۔ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کو کسی صورت پاکستان سمیت کسی اسلامی سیاست میں امن و استحکام گوارہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جعلی ووٹوں کے انکشاف سے انتخابات کے پورے عمل پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔ بوگس ووٹوں سے جعلی مینڈیٹ کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ عدالتیں دھاندلی میںملوث افراد کا تعین کریں اور قرارواقعی سزا دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوامی خادم، رہنما مسلم لیگ (ن) رضوان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں میں دہشتگردی کے سنگین واقعات
گوجرانوالہ(جی پی آئی) عوامی خادم، رہنما مسلم لیگ (ن) رضوان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں میں دہشتگردی کے سنگین واقعات اِس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے اندر تمام سیاسی، مذہبی قوتوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔ شرپسند عناصر پاکستانی عوام کو اندر سے کھوکھلا کرنے کے درپے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار گزشتہ روز چاروں صوبوں میں ہونیوالے بم دھماکوں میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔رضوان اسلم بٹ نے کہا کہ فرض کریں کہ اگر شرپسند پاکستان کی عوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر یہ سمجھ لیتے ہیں کہ انہوں نے پاکستانی قوم کو ڈرا لیا اب وہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ ، محاذ آرائی بند کردیں گے تو یہ اُن کی سب سے بڑی بھول ہے۔ کیونکہ منتخب وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان میں امن و امان قائم کرنے کی ٹھان لی ہے اور اب انشاء اﷲ بہت جلد پاکستان میں امن قائم ہوکر رہے گا۔ چاہے امن بات چیت سے ہو یا سخت ترین آپریشن سے قائم ہو لیکن ہوگا ضرور۔ رضوان اسلم بٹ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں انشاء اﷲ کامیاب ہوکر حلقہ کی عوام کے دُکھ درد کا ساتھی بنیں گے اور حلقہ میں ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی کے کاموں میں تیزی سے اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے گوجرانوالہ شہر کو مزید خوبصورت سے خوبصورت تر بنائیں گے اور اپنی عوامی خدمت کو ہمیشہ جاری و ساری رکھا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت نے عام آدمی کو سہولت دینے میں کی بجائے مزید مشکلات کا شکار کر دیا ہے
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے عام آدمی کو سہولت دینے میں کی بجائے مزید مشکلات کا شکار کر دیا ہے چار ماہ مکمل گزرنے کے باوجود عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کوئی کام نہیں ہوا، انھوں نے کہا کہ نیب چئیرمین کی تقرری میں پیپلز پارٹی نے حکومتی نامزدگی کو تسلیم کر کے بڑی فراخ دلی کا مظاہرہ کیا اور اتفاق رائے کی سیاست کو فروغ دیا انھوں نے کہا کہ 2008کی اسمبلیوں کی مدت پوری کرنا ،پی پی پی حکومت کے پانچ سال مکمل کرنااور صدر آصف زرداری کا پانچ سال پورے کر کے اقتدار منتقل کرنا پاکستان کی تاریخ کے اہم واقعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوئس حکام کا آصف علی زرداری کے کیسز نہ کھولنے کا فیصلہ درست ہے۔ عام انتخابات میں بھی دھاندلی منظرِ عام پر آ چکی ہے یہ صرف این اے 256 کا نہیں ، پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہی ہونے چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید مہدی عابدی کا کہنا تھا کہ ملالہ دہشت گردی سے پاک پاکستان کی آواز ہے
لاہور( جی پی آئی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید مہدی عابدی کا کہنا تھا کہ ملالہ دہشت گردی سے پاک پاکستان کی آواز ہے نوبل انعام کیلئے اس کی نامزدگی ہی طالبان اور انتہا پسندذہنیت کیلئے شکست کا اعلان ہے۔پر امن اور مستحکم پاکستان کیلئے بزدل حکمرانوں اور سیاسی رہنمائوں کو ملالہ اور اس جیسے پرعزم بچوں سے سبق حاصل کرناچائیے جو اپنے ملک کو انتہا پسندوں کے وجود سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ نوبل انعام دراصل استعماری قوتیں اپنے مفادات کے تحت مخصوص لوگوں کو نوازتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ پوری قوم انتہا پسندوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں انشااللہ پاکستان کا ہر بچہ ملالہ جیسی عزم ہمت سے سرشار ہوکر ان ملک اور اسلام دشمن دہشت گردوں کیخلاف ایسی تحریک بن کر نکلیں گے کہ وہ دن دور نہیں جب انتہا پسند اپنی انجام کو پہنچ جائیں اور مادر وطن پھر سے امن،محبت ،بھائی چارے کا گہوارہ بنے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پرویز مشرف قومی مجرم ہے اسے کسی ڈیل کے تحت رہا کیا گیا تو بہت بڑا قومی المیہ ہو گا۔سینیٹر پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے پرویز مشرف کی رہائی سے انارکی میں اضافہ ہو گا۔بلوچ عوام اور متاثرین لال مسجد کے حلقوں میں موجود ردعمل میں شدت آ سکتی ہے۔مشرف نے جتنے جرائم کیے اس سے آدھے بھی کسی سیاستدان نے کیے ہوتے تو اسے اب تک پھانسی دی جاچکی ہوتی مگر لگتا ہے کہ دفاعی ادارے اس بات کا فیصلہ کر چکے ہیں کہ وہ اپنے سابقہ چیف کو ہر قیمت پر بچائیں گے۔ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکبر بگٹی اور لال مسجد کے سانحات میں ملوث ہونے کے علاوہ مشرف نے اپنی کتاب میں خود اعتراف کیا ہے کہ اس نے ڈالر لے کر درجنوں پاکستانیوں کو امریکہ کے ہاتھوں فروخت کیا۔سینکڑوں افراد اسی کے دور میں لاپتہ ہوئے، اس نے آئین توڑا،آئینی اداروں کی تضحیک کی۔اس لحاظ سے پرویز مشرف قومی مجرم ہے۔ اگر اسے کسی ڈیل کے نتیجہ میں رہا کیا گیا تو بہت بڑا قومی المیہ ہو گا۔متاثرین لال مسجد کو انصاف نہ ملا اس سے ملک میں جاری دہشت گردی اور انارکی کی فضامیں اضافہ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ ہمارے قومی اداروں کو حالات کی سنگینی کا ادراک ہو نا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری پرویز الہٰی نے صوبائی کے بعد ضلعی تنظیم کے عہدیداروں کا اعلان کردیا
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی راہنما چوہدری پرویز الہٰی نے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی صوبائی تنظیم کے بعد دوسرے مرحلہ میں ضلعی صدور و جنرل سیکرٹری اور ونگز کے صدور کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ،جن کے ناموں کا جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری ظہیر الدین خاں نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ،چوہدری محمد ذوالفقار کو صدر یوتھ ونگ پنجاب ،خدیجہ عمر فاروقی کو قائم مقام صدر شعبہ خواتین پنجاب مقرر کیا گیا جبکہ ضلعی صدور میںمحمد ناصر راجہ راولپنڈی ، چوہدری محمد علی چکوال ، صداقت علی خان اٹک ، ڈاکٹر عصمت جاوید جہلم ، عامر سلطان چیمہ سرگودھا ، ملک حارث عطاء گنجیال خوشاب ، رانا سعید ظفر میانوالی ، سلیم رضا کہاوڑ بھکر ، رانا محمد عظیم فیصل آبا د، رضا علی شمس ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چوہدری ظفر اللہ چیمہ گوجرانوالہ ، چوہدری وجاہت حسین گجرات ، چوہدری ریاض اصغر منڈی بہائو الدین ، چوہدری عظیم نوری گھمن سیالکوٹ ، کرنل (ر) محمد عباس نارووال ، یوسف احد ملک لاہور ، خرم منور منج شیخوپورہ پیر حسن احمد شاہ ننکانہ ، سردار آصف نکئی قصور ، رائے اسلم کھرل اوکاڑہ ، فیصل مختار ملتان ، شیخ اعجاز لودھراں۔ پیر مختار حسین قریشی خانیوال ، رانا عامر شہزاد طاہر ساہیوال ، احمد شاہ کھگہ پاکپتن ، احسان اللہ چیمہ وہاڑی ، محمد خان لغاری ڈیرہ غازی خان ، سردار جمیل دریشک راجن پور ، ملک مدثر عباس کھر مظفر گڑھ ،چوہدری الطاف حسین لیہ ، سید صلاح الدین احمد جیلانی بہاولپور ، قاسم وقاص خان بدانہ بہاولنگر ۔ طالوت سلیم باجوہ رحیم یار خان کے صدر مقرر کردیئے گئے ہیں ، تیسرے مرحلہ میں ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کے عہدیداروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شعبہ خواتین پنجاب کی صدر بنانے پر پارٹی کی شکر گزار ہوں،خدیجہ فاروقی
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کی قائم مقام صدر خدیجہ عمر فاروقی نے کہا ہے کہ والدہ کی علالت کے باعث ملنے والی نئی ذمہ داری ان کے صحت یاب ہونے تک انجام دیتی رہونگی شعبہ خواتین پنجاب کا صدر مقرر کیے جانے پر اپنے قائد چوہدری پرویز الہٰی کی شکر گزار ہوں چوہدری خاندان نے ہماری مسلم لیگ کے لیے خدمات کی ہمیشہ تعریف کی ہمارے خاندان نے قیام پاکستان سے لیکر آج تک مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی خدمت کی اور مسلم لیگ ہی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ شعبہ خواتین کو قیادت کی ہدایات کے مطابق گائوں کی سطح پر آرگنائز کرنا میرے لیے ایک چیلنج ہے جسے محنت سے پورا کروں گی ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی وفادار اور نظریاتی خواتین سے ملکر مسلم لیگ کو آرگنائز کروں گی کسی کارکن خاتون کی حق تلفی نہیں ہو گی ، انہوں نے پارٹی کی عہدیدار خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوام کی خدمت کی غریب خاندانوں کو ریلیف دینے کے لیے حکومتی وسائل وقف کیے میٹرک تک تعلیم مفت کی ، 5 مرلہ کے گھروں پر ٹیکس معاف کیا ،1122 جیسا عوامی خدمت کا شاہکار منصوبہ دیا آٹے ، دالوں ، پھل سبزیوں کی قیمتیں کنڑول کرکے سفید پوش خاندانوں کو ریلیف دیا یہی وہ شاندار کارکردگی ہے جس کی بنیاد پر ہم عوام سے بالخصوص خواتین سے التجا کریں گی کہ وہ چوہدری پرویز الہٰی جیسی عوامی دکھ درد کو سمجھنے والی لیڈر شپ کے ہاتھ مضبوط کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عبدالستار نے پولٹری ایکٹ 2012 اور ضلعی انسپیکشن ٹیم کے قیام پر حکومت کا شکریہ
لاہور(جی پی آئی) پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عبدالستار نے پولٹری ایکٹ 2012 اور ضلعی انسپیکشن ٹیم کے قیام پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولٹری ایکٹ لاگو ہونے سے پولٹری انڈسٹری کے تمام شعبہ جات کو نقصان سے بچایا جا سکتا ہے اور پاکستانی قوم کو مرغی کا گوشت بھی معیاری اور وائرس سے پاک دستیاب ہو گا۔ کیونکہ فیڈ میں کوئی گندگی اور حرام چیز نہیں ڈالی جائے گی۔ جو کہ انسانی صحت کے لیے مضر ہو۔ لہٰذا پولٹری ایکٹ 2012 پولٹری انڈسٹری کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس نیک کام کی تکمیل کرنے پر جناب میاں شہباز شریف صاحب وزیراعلیٰ پنجاب کا بھی بے حد ممنون ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ وہ حسبِ روایت پاکستانی قوم کو معیاری /وائرس سے پاک سستا مرغی کا گوشت مہیا کرنے اور برائلر فارمرز کو نقصان سے بچانے میں بھی پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کا ساتھ دیں گے۔ پولٹری ایکٹ کو مکمل کروا کے لاگو کروانے میں پاکستانی میڈیا اور نیوز ایجنسیز نے جو کردار ادا کیا ہے وہ بھی قابل تعریف ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اکستان تحر یک انصاف کی سینئر رہنمااور جوائنٹ سیکرٹری پنجاب ثانیہ کامران اور لبنیٰ ملک کی قیادت میں چھے رکنے وفد نے انار کلی بم دھماکے میں زخمی
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحر یک انصاف کی سینئر رہنمااور جوائنٹ سیکرٹری پنجاب ثانیہ کامران اور لبنیٰ ملک کی قیادت میں چھے رکنے وفد نے انار کلی بم دھماکے میں زخمی ہو نے والوں کی ہسپتال جا کر عیادت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دُعا کی اس مو قعہ پر خواتین رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت دہشت گر دی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے بڑ ے بڑ ے دعویٰ کر نے والے صرف اپنے پروٹوکول کی فکر کر تے ہیں اور عوام سڑ کوں پر دہشت گر دوں کے ہاتھوں مارے جا رہے ہیں جو کہ مسلم لیگ ( ن) کے لئے ڈوب مر نے کا مقام ہے انہوں نے کہا کہ معصوم شہر یوں کو اس طرح مارنے والے کسی بھی ر عایت کے قابل نہیں ہیں اور انار کلی بم دھماکے میں شہید اور زخمی ہو نے والوں کے غم میں برابر کے شر یک ہیں انہوں نے کہا کہ شاہی حکمرانی کر نے والوں کے دور حکومت میں لاہور جیسے شہر میں 2بم دھماکے حکومت کی کمزوری کا واضح ثبوت ہے حکومت صرف جعلی دہشت گردوں کو پکڑ نے کے ہی دعویٰ کر تی ہے اور عملی طور پر کچھ نہیں کیا جا تا اور عوام کی زند گیاں غیر محفوظ ہیں اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے ساتھ ساتھ زندگیاں بھی غیر محفوظ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ کس حد مخلص ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلاننگ یا حکمت عملی نہیں ہے
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلاننگ یا حکمت عملی نہیں ہے۔ پنجاب میں نئے بلدیاتی قوانین پر پیپلز پارٹی کے سخت تحفظات ہیں لیکن پھر بھی پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرے گی ، پیپلز
پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے دارالحکومت میں دھماکوں کا ہونا قابل افسوس ہے ، حکومت دہشت گردی کو سنجیدگی سے لے اور آل پارٹی کانفرنس کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنائے عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے اس میں کسی قسم کی غفلت نہیں ہونے چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان جب تک امریکہ کی دہشتگردی کی نام نہاد جنگ سے باہر نہیں نکلتی
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان جب تک امریکہ کی دہشتگردی کی نام نہاد جنگ سے باہر نہیں نکلتی ، طالبان کے ساتھ مذاکرات کامیاب بھی ہو جائیں تو یہ سود مند اور دیر پانہیں ہوں گے ۔ قوم پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی خواہشمند ہے لیکن میاں نوازشریف حکومت بیرونی دبائو کے تحت مشرف کو تمام مقدمات سے ضمانت پر رہا کرکے بیرون ملک بھیجنے کے لیے تیار بیٹھی ہے ۔ چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے حکومت اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوتی رہیں اور کئی ججز کے نام بھی لیے گئے لیکن دونوں کے اتفاق سے وزارت داخلہ کے 22 ویں گریڈ کے افسر پر اتفاق ہواہے ۔ زرداری کے خلاف 6 اور میاں نوازشریف کے خلاف 3 ریفرنسز موجود ہیں اگر وہ انہیں نہیں کھولتے تو یہ ثابت ہو جائے گاکہ ان دونوں کو مقدمات سے بچانے کے لیے کوئی اور موزوں شخص نہیں ہوسکتاتھا۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ حکومت امریکہ کو ڈرون حملوں کے لیے تمام معلومات فراہم کرتی ہے اورحساس ایئر پورٹ اور لاجسٹک سپورٹ بھی امریکہ کو حاصل ہے ۔ اگر حکومت طالبان کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور دیرپا امن چاہتی ہے تو اسے امریکی جنگ سے باہر نکلنا ہوگا ورنہ مذاکرات کامیاب بھی ہو جائیں تو دیرپا نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ اور موجودہ حکومت
دونوں نے کبھی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کے لیے امریکی سفیر کو نہیں بلایا اورنہ ہی موثر احتجاج کیاہے جس سے یہ ثابت ہو تاہے کہ حکومت کی اجازت سے یہ ڈرون حملے ہورہے ہیں اور حکومت روایتی احتجاجی بیان دے کر جان چھڑا لیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کو حکومت کی طرف سے لاجسٹک سپورٹ نہ ملتی ،پاک فوج امریکی و نیٹو افواج سے تعاون نہ کرتی اور انہیں پاکستان کے اندر سے سپلائی کا رستہ نہ دیا جاتاتو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کیلئے جنگ جاری رکھنا ممکن نہیں تھا اور امریکہ ہاتھ کھڑے کرکے کب کا خطے سے بھاگ چکاہوتا ۔طالبان سے مذاکرات کیلئے ضمانتیں مانگنے والے کیا یہ ضمانت دے سکتے ہیں کہ مذاکرات کی میز پر ڈرون حملہ نہیں ہوگا۔حکومت کو سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مذاکرات کا آغاز کردینا چاہئے ،اندرونی و بیرونی بہت سی قوتیں حالات بگاڑنے کی کوشش کررہی ہیں اگر بات بگڑ گئی تومیز بچھانے کا موقع ہاتھ سے نکل جائے گا۔سید منور حسن نے کہا کہ 22 ویں گریڈ کے افسرسے استعفیٰ لے کرانہیں چیئرمین نیب بنا دیا گیا ہے۔ ملکی آئین و قانون کے مطابق کوئی بھی سرکاری ملازم اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد دوسال کی مدت تک کسی عوامی عہدے پر فائز نہیں ہوسکتا مگرچیئرمین نیب کی تقرری میں کسی آئین و قانون کو مدنظر نہیں رکھا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا جواب حکومت اور اپوزیشن ہی دے سکتی ہیں کہ اتنے بڑے بڑے ناموں پر اتفاق کیوں نہ ہوسکا اور ایک اعلیٰ افسر کویہ زحمت کیوں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کے خلاف نیب میں چھ ریفرنسز اور نواز شریف کے خلاف تین ریفرنسز دائر ہیں،اگر چیئرمین نیب نے واقعی دیانتداری سے اپنے فرائض ادا کئے تو سب سے پہلے وہ بڑے مجرموں پر ہاتھ ڈالیں گے لیکن اگر انہوں نے مگر مچھوں کو چھوڑ دیا تو پھر بڑی بڑی باتوں اور کاروائیوں کے سوا کچھ نہیں ہوگا، کرپشن پر قابو پانے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے اور قومی خزانے کو اسی طرح لوٹا جاتا رہے گا جس طرح زرداری اور ان کے حواریوں نے لوٹا۔سیدمنورحسن نے کہاکہ پرویز مشرف کا بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی قتل کیس میں یکے بعد دیگرے اتنی آسانی سے ضمانت پر رہا ہو جانا کئی سوالات کو جنم دیتاہے ۔ قوم پرویز مشرف پر غداری کامقدمہ چلتے دیکھنا چاہتی ہے ، میاں نوازشریف بڑی شد و مد سے اعلان کرتے رہے ہیں کہ وہ مشرف پر دستور کی دفعہ 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلائیں گے لیکن برسراقتدار آنے کے بعد انہوں نے چپ سادھ لی ہے اور بیرونی دبائو برداشت نہیں کر سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سینیٹر مشاہد حسین سید اور پاکستان پارلیمانی الیکشن مبصرین وفد کے اراکان کی آزربائیجان کے نومنتخب صدر کو مبارکباد
اسلام آباد(جی پی آئی)سینیٹ کی دفاع اور دفاعی پیداوار کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کے صدارتی انتخابات کا خیر مقدم کرتے ہوئے نومنتخب صدر الحام علیوف کو مبارکباد پیش کی ہے ۔وہ پاکستان کی چھ اہم ترین سیاسی جماعتوں کے پندرہ رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ مشاہد حسین سید نے آگاہ کیا کہ ان کی زیر قیادت پاکستان پارلیمانی الیکشن آبزرویشن مشن کے ممبران نے دارلحکومت باکو کے پندرہ پولنگ سٹیشنز کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی عمل کا بغور جائزہ لیااور اس سلسلے میں مختلف سیاسی وسماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے تبادلہ خیال کیا۔ مشاہد حسین سید نے آزربائیجان کے انتخابی عمل کو شفاف ترین اور پر امن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سارے عمل میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیاجو قابل تحسین ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے آن لائن پولنگ سسٹم بذریعہ ویب کیمرہ کو سراہتے ہوئے اسے انتخابی عمل کے لئے بہترین لائحہ عمل قرار دیا ۔پاکستانی وفد نے آزربائیجان کے نومنتخب صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور آزربائیجان کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں اپنا اہم کردارا دا کریں گے ۔پاکستانی مبصر وفد نے آزربائیجان کے عوام کو ”ناگورنو کاراباخ ”تنازعہ پر بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس پر آرمینا کے غیر قانونی تسلط کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 853,822,874اور884پر عمل درآمدکی اہمیت پر زور دیا۔سینیٹ کی دفاع اور دفاعی پیداوار کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر قیادت وفد میں سینیٹر صابر علی بلوچ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ آف پاکستان،سینیٹر حاجی محمد عدیل چیئرمین فارن ریلیشن کمیٹی، سینیٹر طاہر حسین مشہدی ،سینیٹر جہانگیر بدر، سینیٹر صغریٰ امام، مسز طاہرہ اورنگزیب ایم این اے، سینیٹر حاجی غلام علی ،افتخار اللہ بابر، ریاض احمدخان اور دیگر بھی شامل ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سُنی تحریک علماء بورڈنے طالبان سے مذاکرات کوشریعت کے منافی قراردے دیا
راولپنڈی اسلام آباد(جی پی آئی)پا کستان سنی تحریک علماء بورڈ نے دہشتگردوں کے ساتھ حکومتی مذاکرات کی شرعی حیثیت پر اپنی سفارشات سر براہ پا کستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کو بھجوا دیں۔علامہ غفران محمودسیالوی، مفتی محمدعارف چشتی،پیرسیدذاکرحسین شاہ، مولانامجاہدعبدالرسول خان،مفتی محمدعابدمبارک، علامہ عمران حنفی نعیمی، مفتی لیاقت علی رضوی ودیگرعلماء ومفتیان کرام کے خصوصی پینل نے اپنی شفارشات میں کہاہے کہ شریعت کسی قاتل کو ذاتی طور پر معاف کرنیکی اجازت نہیں دیتی۔ انصاف کے کٹہرے میں لائے بغیر دہشتگردوں سے مذاکرات نہ کئے جائیں۔بے گناہ لوگوں کے قتل کا شرعی جوازپیش کرناشریعت کامذاق اُڑانے کے مترادف ہے۔اسلام بلاتفریق مذہب ،رنگ ونسل کسی بھی انسان کے ناحق قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام کے نام پرقتل و غارتگری کرنیوالے ظالم اورفسادفی الارض کے مرتکب ہوئے ہیں۔سورة المائدہ کی آیت نمبر33کی روسے مسلم ریاست اوراجتماعی نظم کیخلاف مسلح بغاوت کو طاقت سے کچلنے کا حکم دیاگیاہے۔ علماء ومفتیان کرام نے مطالبہ کیا کہ اسلام اور آئین پاکستان کے باغیوں سے ہرگز مذاکرات نہ کیے جائیں بلکہ آئین کیمطابق قانون کا نفاذ کیا جائے ۔ طالبان کا خود ساختہ اسلام بھی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔اسلام اور جہاد کے نام پر عبادت گاہوں، مزارات اولیائ، سکولوں، ہسپتالوں، دفاعی تنصیبات، معصوم بچوں، بے گناہ عورتوں، مسافروں ، غیرملکی مہمانوں، اقلیتی برادری اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر خود کش حملے کرناحرام ہے۔طالبان کے ان اقدامات نے دنیا بھر میں اسلام، علماء کرام اور دینی مدارس کے تشخص کو شدید بد نام کیا ہے۔ ماضی میں طالبان کی جانب سے اعلانیہ طورپرپیر سمیع اللہ شاہ کو ذبح کیاگیا، داتا دربار ودیگر روحانی مراکزپر خودکش حملے کیے گئے، ڈاکٹر سرفراز نعیمی جیسے سفیر امن ودیگر150 سے زائدجیدعلماء کو شہیدجبکہ ہزاروں بے گناہوں کونشانہ بنایاگیا۔ کیا حکومت سمیت دیگرمذاکرات کی حامی جماعتیں یہ ضمانت دیتی ہیں کہ مسلک اور عقیدہ کی بنیا د پرآئندہ کسی کو قتل نہیں کیا جائے گا؟ مزید یہ کہ طالبان اعلانیہ طورپر پاکستان کے آئین اور ہیئت ونقشہ کو ماننے سے بھی انکاری ہیں۔ اندریں حالات اِن سے مذاکرات کا کوئی جواز نہیں ۔ حکومت اور افواج ِ پاکستان پرلازم ہے کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں اور اپنے حلف کی پاسداری کریں ۔ حکومت پاکستان کی طرف سے بلائی گئی APCمیں دہشت گردی کا شکارسب سے بڑے طبقہ اہلسنت وجماعت کے کسی نمائندے کو دعوت نہ دینا کئی شکوک وشبہات کو جنم دے رہا ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ دہشتگردی کیخلاف لائحہ عمل کے تعین کیلئے تمام طبقات سٹیک ہولڈرز اورمقتولین کے ورثاء کوا عتماد میں لے ۔ طالبان کی حامی سیاسی جماعتوں کی APCپراعتمادنہیں کیاجاسکتا ۔طالبان کے مختلف گروہوں کو ملنے والی فنڈنگ کے نیٹ ورک کا سراغ لگایاجائے ۔ جو ممالک ، ادارے اور افراد انہیں مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں انہیں بے نقاب کیا جائے ۔ اندرونی اور بیرونی فنڈنگ روکنے کیلئے مؤثر قانون سازی کی جائے اور ہر صورت اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے ۔ ملک میں دہشتگردی کی جو پناہ گاہیں منظر عام پر آرہی ہیں حکومت اور متعلقہ ایجنسیوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے۔