کل سے گرمی اور حبس کی شدت کم ہوجائیگی

Weather

Weather

اسلام آباد (جیوڈٰسک) بارشوں کے حالیہ سلسلے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے ملک کے اکثر علاقوں میں جاری گرمی اور حبس ختم ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں بارش کے بعد موسم ہلکا سرد ہونا شروع ہوگیا ہے۔ میانوالی کے مختلف علاقوں میں بادل جم کے برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ٹانک شہر اور گردونواح میں صبح ہی سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ لودھراں میں ہلکی بارش سے گرمی میں کمی آگئی۔

قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں میں کئی روز سے وقفے وقفے سے طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخواہ میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن اسلام آباد، بالائی پنجاب میں راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ ملک کے وسطی علاقوں میں بنوں، ڈی آئی خان، ساہیوال، فیصل آباد، ڈی جی خان، بہاولپور، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔