لاہور کی خبریں 13/10/2013
Posted on October 13, 2013 By Majid Khan لاہور
بچوں کے حقوق کیلئے مربوط اور منظم کوششیں کرنا ہونگی، نیشنل کمشنر اعجاز قریشی
لاہور(پی پی سی)وفاقی محتسب کا بچوںکی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا حکم، تفصیلات کے مطابق نیشنل کمشنر برائے اطفال اعجاز قریشی نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کیلئے مربوط اور منظم کوششیں کرنا ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے 6ماہ میں بچوں کی شکایات میں 50فیصد اضافہ ہوا ہے جو اس ادارے پر ان کے اعتماد کا اظہار ہے اور ان شکایات کا ازالہ بھی ہورہا ہے۔ بچوں کی زیادہ تر شکایات تعلیم، صحت ، پولیس ، جیل اور لیبر کے متعلق ہیں جو صوبوں کے دائرہ اختیار میں ہیں۔اس لئے صوبائی سطح پر بچوں کی شکایات کے متعلق دفاتر کھولے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر مظالم کے حوالے سے اگلے ماہ کانفرنس بھی منعقد کی جائیگی۔جس میں میڈیا اور سول سوسائٹی کی خصوصی دعوت دی جائیگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آئی ایم ایف کی غلام حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ، ق لیگ پنجاب
عوام کی کھال اتارنے والی جماعت مسلم لیگ کا نام استعمال کرنا بند کردے ، سیمل کامران
لاہور (پی پی سی)ق لیگ پنجاب کے اراکین اسمبلی سینئر عہدیداروں اور کارکنوں نے بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے یونٹ کی قیمت بڑھانے والے ایک بار پھرعوام کو کسی فوجی یونٹ کو مدد کے لیے بلانے پر مجبور نہ کریں ، ق لیگ کے راہنمائوں نے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پنجاب ناصر محمود گل ، سیکرٹری اطلاعات پنجاب سیمل کامران ، رکن صوبائی اسمبلی عامر سلطان چیمہ نے اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ عوام کی کھال اتارنے والی جماعت رسماً بھی مسلم لیگ کا نام استعمال کرنا بند کردے عوام پریشان ہیں کہ وہ بچوں کے لیے روٹی خریدیں یا بل دیں ؟ناصر محمود گل نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلام حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ۔ سیمل کامران نے کہاکہ بہت ہو چکی اب حکومت کے عوام دشمن اقدام کا راستہ روکنا ہو گا ، عامر سلطا ن چیمہ نے کہا کہ حیرانی ہے کہ عوام کی کھال اتارنے والے ڈھٹائی کے ساتھ عوام کو ریلیف دینے کی بات بھی کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تاجر متحد ، حکومتی ہتھکنڈے ہڑتال سبوتاژ نہیں کر سکتے:خالد پرویز
لاہور (پی پی سی ) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز و جنرل سیکرٹری عبدالرزاق ببر نے آج یہاں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر 26 اکتوبر کی ہڑتال کے لئے پوری طرح متحد ہیں اور حکومت ہڑتال کی اس کال سے گھبرا کر اسے روکنے کیلئے جو بھی ہتھکنڈے استعمال کر ے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انجمن تاجران صرف تاجربرادری کے مفاد کے لئے کام کرتی ہے اور اسے تاجروں کا بھر پور اعتماد حاصل ہے اور 26 اکتوبر کو پورے پنجاب میں ہر شہر ، ہردیہات ، ہر قصے ، ہر گلی ، ہر محلے کی دُکان کا شٹر ڈاؤن ہوگا ۔انہوں نے کہا تاجروں کو ہڑتال کا کوئی شوق نہیں ہے مگر ان حکمرانوں نے انہیں دیوارے لگا دیا ہے کیونکہ FBR کو تاجروں کے بنک اکاؤنٹ چیک کرنے کا اختیار دینا 18 صفحات کا انکم ٹیکس فارم جاری کرنا پراپرٹی ٹیکس میں کئی سو فیصد اضافہ اور سیلز ٹیکس میں اضافہ تاجر کش فیصلے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار معیشت چلانے میں نا کام ہو چکے ہیں ان کے فیصلوں سے ٹریڈ ختم ہو رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر SRO جاری ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا 26 اکتوبر کی ہڑتال کو سول سوسائٹی وکلا برادری اساتذہ اور مزدور تنظیموں کی مکمل حمایت حاصل ہے کہ بجلی پٹرول گیس کی خوفناک مہنگائی نے سب کو متاثر کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی و گیس چوری مہم ذمہ داروں تک محدود رکھی جائے: ناصر سعید
لاہور(پی پی سی) پاکستان مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ کے کو چیئرمین، ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سابق رکن ناصر سعید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے شروع ہی سے مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایت کررکھی ہے کہ انسداد ڈینگی مہم اور بجلی و گیس چوری کے خلاف آپریشن صرف ذمہ داروں تک محدود رکھا جائے، ایماندار صنعتکاروں اور تاجروں کو ہرگز تنگ نہ کیا جائے بلکہ بھرپور عزت و احترام دیا جائے کیونکہ وہ اپنے قومی فرائض بڑی ایمانداری سے ادا کررہے ہیں۔ ناصر سعید نے یہ باتیں تاجر برادری کے بڑے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف تاجر برادری کو معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی سمجھتے اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسی اور انتھک محنت کی بدولت ڈینگی کا 90فیصد سے زائد خاتمہ ہوچکا ہے حالانکہ دنیا کے کئی ممالک بیس بیس سال گزرنے کے باوجود اس وباء پر قابو نہیں پاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف آپریشن شروع کرکے حکومت نے درست سمت میں قدم اٹھایا ہے کیونکہ یہ مفاد پرست عناصر صرف ملک کی جڑیں ہی کھوکھلی نہیں کررہے بلکہ ایماندار صنعتکاروں اور تاجروں کو بھی بہت بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بدترین بحران کی ایک بہت بڑی وجہ بجلی و گیس چوری ہے لہذا ان کے خلاف آپریشن ناگزیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایماندار صنعتکاروں اور تاجروں کو اس سلسلے میں حکومت سے بھرپور تعاون کرنا اور اُن عناصر کی نشاندہی کرنی چاہیے جو وسیع پیمانے پر بجلی اور گیس چوری میں ملوث ہیں۔ ناصر سعید نے کہا کہ پنجاب حکومت کرپشن کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے لہذا کسی سرکاری اہلکار کی جانب سے تاجروں کو بلاوجہ تنگ کرنے پر اُسے ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا کامیابی کی کلید ہے: طارق مصباح
لاہور(پی پی سی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح نے کہا ہے کہ دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا اور جدت اپناناکامیابی کی کلید ہے لہذا ینگ انٹرپنیورز کو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ کامیاب ہوکر عالمی سطح پر اپنا مقام بناسکیں۔ انہوں نے یہ باتیں ینگ انٹرپنیورز کی دورزہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہیں جس کا اہتمام پنجاب یونیورسٹی اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے طلباء نے کیا تھا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن محمد ہارون نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ میاں طارق مصباح نے کہا کہ لاہور چیمبر ہر سال بزنس پلانٹ کمپیٹیشن منعقد کرکے نوجوان طلباء کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ وہ مستقبل میں کامیاب تاجر بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو جدت پسند انٹرپنیورز کی اشد ضرورت ہے لہذا نوجوان طلبا کو ابھی سے اس پرتوجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ، صرف جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی کا فقدان ترقی کی راہ میں آڑے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایسی نمائشوں کی سرپرستی جاری رکھے گا تاکہ صنعتی شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت تیار کی جاسکے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے پراجیکٹس لاہور چیمبر کے ساتھ شیئر کریں ، لاہور چیمبر اُن کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پچاس فیصد سے زائد آبادی کی عمر پچیس سال سے کم ہے جو انتہائی قیمتی سرمایہ ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی انتہائی محنتی اور باصلاحیت ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے دنیا کے بہت سے ممالک میں پاکستانیوں کو اعلیٰ عہدوں پر کام کرتے دیکھا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن محمد ہارون نے اپنے خطاب کے دوران ینگ انٹرپنیورز پر زور دیا کہ وہ کوالٹی کی طرف خاص توجہ دیں کیونکہ بین الاقوامی سطح پر اب معیار کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ینگ انٹرپنیورز اپنے برانڈز قائم کریں کیونکہ برانڈنگ کی کامیابی کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن محمد ہارون نے نمائش کے 70سے زائد سٹالز کا دورہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ریٹرنز فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کی جائے: لاہور چیمبر
لاہور(پی پی سی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ریٹرنز فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کر دی جائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری ، سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر کاشف انور نے کہا کہ پندرہ اکتوبر سے عید الضحیٰ کی چھٹیاں شروع ہورہی ہیں جبکہ تاجر برادری کو دیگر مسائل بھی درپیش ہیں لہذا اُن کے لیے ممکن نہیں ہوگا کہ وہ اس قدر قلیل وقت میں ریٹرنز فائل کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ریٹرنز فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کی جائے جس سے تاجر باآسانی اپنا قومی فریضہ ادا کرسکیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عید الاضحی : سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ
لاہور(پی پی سی)سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق احمد نے عید الاضحی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات اور ڈیوٹی کے پیش نظر لاہور پولیس کے تمام افسروں اور جوانوں کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کردی ہے تاہم صرف ایمر جنسی کی صورت میںکسی کو چھٹی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ تمام پولیس اہلکار ڈیوٹی کے بعد بھی رابطے میں رہے تاکہ کسی ہنگامی صورت حال میں نمٹنے کیلئے انہیں فوری ڈیوٹی پر بلوایا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلعی انتظامیہ کی آوارہ کتوں کیخلاف کارروائی جاری،226مزید تلف
لاہور(پی پی سی)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر لاہور نسیم صادق کی ہدایت پر آج ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر226آوارہ کتے تلف کر دئیے ۔داتا گنج بخش ٹائون ، سمن آباد میں41،نشتر اور گلبرگ ٹائون میں52 ،واہگہ ٹائون،عزیز بھٹی ٹائون میں51،شالیمار ٹائون، راوی ٹا ئون میں41اور علامہ اقبال ٹا ئون میں41 کتوں کو تلف کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پینجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی ووچر سکیم ورکشاپ کا انعقاد
لاہور(پی پی سی)پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی ووچر سکیم سے منسلک نجی سکولوں کی تربیت ورکشاپ آج گلشن راوی کے ایک نجی ہال میں منعقد ہوئی ۔ورکشاپ میں ضلع لاہور کے 150پارٹنر سکولوں کے پرنسپلز نے حصہ لیا۔اس موقع پر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی ایجوکیشن ووچر سکیم اور اکیڈمک ڈویلپمنٹ یونٹ کے نمائندوں نے شرکاء کو کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کی تیاری کے بارے میں لیکچر دیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مہنگائی قوم کو اپنے پیرو ں پر کھڑا کرنے کے عمل کا منطقی نتیجہ ہے: رانا مشہود
لاہور(پی پی سی)مہنگائی کا موجودہ سلسلہ پاکستانی قوم کو اپنے پیرو ں پر کھڑا کرنے کے عمل کا منطقی نتیجہ ہے ۔حکومت کو تنخواہ دار طبقے کی مالی مشکلات کا پورا احساس ہے لیکن ہم اپنی قوم پر ”بھکاری” ہونے کا لیبل اتارنا چاہتے ہیں جس کے لئے ایک دو سال قربانی دینا پڑے گی۔ اس کے بعد خوشحالی کا پہیہ چلے گا اور پاکستان ایک آزاد ،مستحکم اور خود مختار ملک کے طور پر دنیا میں عزت پائے گا ۔یہ بات وزیر تعلیم و امور نوجواناں پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے آج انٹر میڈیٹ و سکینڈری تعلیمی بورڈ لاہو رکی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں کہی۔ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر محمد اسلم گجر اور جنرل سیکرٹری محمد شبیر ڈوگر کی جانب سے پیش کئے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ ز کے جواب میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی پیداواری لاگت یا پرائیویٹ کمپنیوں سے بجلی کی قیمت خرید میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ ماضی میں مہنگے داموں بجلی خرید کردولت مند طبقے کوجو رعایت (سبسڈی)دی جاتی تھی ،اسے واپس لیا گیا ہے۔یہ سبسڈی بھیک کے پیسے کی بنیاد پر دی جایا کرتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو مہنگائی کا طعنہ دینے والے اس بات پر شرمسار کیونکہ نہیں ہوتے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پیپلز پارٹی کی حکومت نے بیرونی ممالک سے جتنا قرضہ لے کر خردبرد کیا ہے ،اس کی مثال پاکستان کی پوری تاریخ میں نہیں ملتی۔چند حکمران باہر جا کر بھیک مانگ آتے تھے ۔یہاں تک کہ دنیا پاکستانی قوم کو بھکاریو ںکی قوم سمجھنے لگی ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ دنیا میں انہی قوموں کو عزت کے قابل سمجھتا جاتا ہے جن کی معیشت مضبوط ہو ۔ اس کے لئے وافر انرجی کی ضرورت ہے کیونکہ صنعتیں چلیں گی تو عوام کو نوکریاں ملیں گی اور خوشحالی بھی آئے گی ۔زندہ قومو ںکو اپنے بچو ںکا مستقبل روشن کرنے کے لئے اپنا آج قربان کرنا پڑتا ہے ۔یہ اس قوم کی بد نصیبی ہے کہ ماضی میںایسے بے حمیت حکمران بھی اس قوم پر راج کرتے رہے ہیں جنہوں نے چند ٹکوں کے عوض پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا سودا کر لیا تھا ۔انہو ںنے کہا کہ روٹی تو ہمیں غلامی کے دور میں بھی ملتی تھی ۔ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان کے لئے جو عظیم قربانیاں دی تھیں ،وہ اپنی غیرت اور آزادی کے لئے دی گئی تھیں ۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو جب 1999ء اقتدار سے بے دخل کیا گیا ،اس وقت اسلام آباد سے لاہور تک موٹر وے بن چکی تھی اور پورے ملک میں آپٹک فائبر نیٹ ورک بچھایا جا چکا تھا ۔اگر موٹر وے مکمل ہو جاتی تو پورے ملک کا بجٹ اسی ایک منصوبے کی آمدنی سے پورا ہو جاتا کیونکہ موٹر وے پر ہر چار سو کلومیٹر بعد انڈسٹریل ایریاز قائم ہونا تھے ۔پاکستان کی بد قسمتی کا آغاز 12اکتوبر 1999ء کو ہوا جب میاں نواز شریف کو اس بات کی سزا دی گئی کہ انہو ںنے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت کیوں بنادیا۔وہی ملک جہاں بجلی کی فراوانی تھی ،وہاں اندھیرے چھا گئے ،دہشت گردی پنپنے لگی اور ڈرون حملے ہونے لگے ۔رانا مشہود احمد خاں نے کہاانہیں پوری توقع ہے کہ غیرت مند پاکستانی قوم اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے پاکستان کا مستقبل محفوظ بنائے گی اور عارضی مہنگائی کی کڑوی گولی خوشدلی سے قبول کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج کے حکمران خود بھی عوام کے ساتھ یہ کڑوی گولی کھائیں گے اور پاکستا ن کو کرپشن کے چنگل سے آزاد کرائیں گے۔قبل ازیں ،چارٹر آف ڈیمانڈز میں مطالبہ کیا گیا کہ تعلیمی بورڈ لاہور میں خالی آسامیو ںپر بلا تاخیر بھرتی کی جائے تا کہ موجودہ اہلکاروں کو مقررہ اوقات کے بعد کام پر مجبور نہ ہونا پڑے۔ہفتہ وار تعطیل کے دوران دفتری امور سرانجام دینے والوں کو الگ معاوضہ دیا جائے اور ڈیلی ویجر ز کو بھی یکساں مراعات دی جائیں ۔مزید برآں،اہلکاروں کو سرکاری اخراجات پر ہر سال حج پر بھجوانے کے علاوہ عیدین پر خصوصی بونس دیا جائے اور اپنی رہائشی کالونی کی تعمیر کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کرونا وائرس کی ویکسین دستیاب نہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں: طبی ماہرین
لاہور(پی پی سی)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و جنرل ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب، پروفیسر آغا شبیر علی اور پروفیسر صولت اللہ خان نے حجاج کرام اور عوام پر زور دیا ہے کہ کروناوائرس اور کانگو بخار سے بچنے کے لئے حج کے دوران اور قربانی کے جانوروں کی دیکھ بھال کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے حاجیوں سے کہا کہ وہ کرونا وائرس نظام تنفس کی بیماری ہے جس کے سعودی عرب میں 100 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ متعدد اموات بھی ہو چکی ہیں لہذا دوران حج ماسک کا خصوصی استعمال کریں تاکہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہا جا سکے۔پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام عیدالاضحی اور حج کے بعد متعدی امراض کی روک تھام کے موضوع پر کلینکل سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ڈینگی، کانگو وائرس اور کرونا وائرس کی بیماریوں،ان کی علامات اور ان سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر لیکچر دئیے۔کانگو وائرس کی علامات بتائے ہوئے انہوں نے کہا کانگو سے متاثرہ شخص کو پہلے بخار ہوتا ہے اور پھر بدن میں درد شروع ہو جاتا ہے۔ دوسرے مرحلے میں منہ، ناک اور جسم کے دیگر حساس حصوں سے خون آنا شروع ہو جاتا ہے۔ جسم کے سفید خلیوں پر مشتمل جو مدافعتی نظام ہے وائرس اس پر حملہ کر تا اور ہڈیوں کے گودا کو سپریس کرتا ہے۔ یہ اس مرض کے ابتدائی علامات ہیں۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ،ایڈیشنل سیکرٹری صحت غلام فرید،پرنسپل پی جی ایم آئی امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ کے علاوہ ڈاکٹرز اور نرسز کی کثیر تعداد موجود تھی۔ماہرین نے بتایا کہ کرونا وائرس انسانوں کے علاوہ جانوروں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کی ویکسین دستیاب نہیں لہذا احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔ماہرین کا کہنا تھا کہ کانگو وائرس جانوروں کی جلد پر پائے جانے والے چیچڑوں کے کاٹنے سے پھیلتا ہے اور یہ ایک انتہائی خطر ناک اور جان لیوا مرض ہے۔ طبی ماہرین نے کہا کہ قربانی کے جانور خریدتے وقت اس کا جسمانی معائنہ ضرور کر لیا جائے اور جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد احتیاط کریں اور گھر میں بچوں کو جانوروں سے دور رکھا جائے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانوروں کا خون و آلائشیں وغیرہ صحیح طریقہ سے ٹھکانے لگائی جائیں اور کانگو وائرس کا کوئی مریض ہسپتال میں آئے تو ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف علاج معالجہ کرتے ہوئے خصوصی دستانے اور ماسک کا استعمال کریں۔سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ نے پی جی ایم آئی کی جانب سے عوام کا بیماریوں کے بارے میں شعوراجاگر کرنے اور معا لجین کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے لئے سمپوزیم کے انعقاد پر پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بھی خطاب کیا اور PGMI کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com