عیدالاضحی قریب آنے پر کھانوں کو چٹخارے دار اور لذیذ بنانے والی سبزیوں کی مانگ بڑھ گئی

مصطفی آباد/للیانی : عیدالاضحی قریب آنے پر کھانوں کو چٹخارے دار اور لذیذ بنانے والی سبزیوں کی مانگ بڑھ گئی ہے، جس کے باعث لسن،پیاز،ٹماٹر اور ادرک کی قیمتوں کو آگ لگ گئی ہے، حکومت منافع خوروں کیخلاف کارروائی کی بجائے سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے۔ جیسے جیسے عید قریب آتی جا رہی ہے،منافع خوروں نے کھانوں کو مزیدار اور لذیز بنانے والی سبزیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔

لھسن، پیاز، ٹماٹر، ہری مرچ، ادرک اور دیگر اجناس کی قیمتوں میں بیس سے پینتیس فیصد اضافہ ہوگیا ہے،ہوشربا اضافے کو دیکھ کر عوام کے ہوش ہی اڑ گئے ہیں۔ عوام کی چیخوں کو نظر انداز کر کے منافع خوروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ مارکیٹ میں انہیں سبزیاں مہنگی ملیں گی تو وہ سستی فروخت کرکے گھاٹے کا سودا نہیں کر سکتے۔

عوام نے حکومت سے پرائس کنٹرول کمیٹی کو متحرک بنانے اور اشیائے خودونوش کی قیمتوں میں سبسڈی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریلیف دینے کی درخواست کی ہے۔ عید قریب آتے ہی اشیاء خودونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، کھانوں کو لذیذ بنانے والی سبزیاں بھی اگر مہنگی کر دی جائیں تو لوگوں کی عید پھیکی پڑ جائے گی۔