بھارت: مندر کے قریب بھگدڑ، 91 یاتری ہلاک

Stampede

Stampede

مدھیہ پردیش (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب مدھیہ پردیش کے ضلع داتیا کے رتن گڑھ مندر میں مذہبی تہوار کی تقریبات میں شرکت کے لئے ہزاروں کی تعداد میں یاتری جمع تھے۔

حادثے کے وقت وہاں 25 ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ یہ بھگدڑ اس وقت مچی جب پولیس نے مندر کی جانب جانے والے ہجوم کو قابو کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھگدڑ کا یہ واقعہ چند نامعلوم افراد کی جانب سے پھیلائی گئی اس افواہ کے بعد پیش آیا کہ سندھ ندی کا پل ٹوٹنے والا ہے۔

اس خبر کے سنتے ہی پل پر موجود لوگوں نے اِدھر ادھر بھاگنا شروع کر دیا اور کچھ نے جان بچانے کے لیے ندی میں چھلانگیں لگا دیں۔ مقامی لوگوں کے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کئی لوگ دریا میں کودنے کی وجہ سے لاپتہ بھی ہوئے ہیں۔

یہ مندر سندھ دریا کے ایک کنارے پر واقع ہے اور دوسری طرف سے مندر آنے جانے کے لئے دریا پر پل بنا ہے۔ حادثے کی جگہ پر موجود لوگوں میں اس وقت شدید اشتعال پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں بہت زیادہ مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضع رہے کہ فروری کے مہینے میں کمبھ میلے کے دوران مچنے والی بگھدڑ کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔