بھارت : سمندری طوفان نے تباہی مچا دی، سات افراد ہلاک، لاکھوں کی نقل مکانی

Hurricane India

Hurricane India

ممبئی (جیوڈیسک) سمندری طوفان فائلن نے اڑیسہ اور آندھرا پردیش میں سات افراد کو موت کی نیند سلا دیا، گوپال پور میں لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچائی، کئی بڑے شہروں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی، دس لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑنا پر مجبور ہو گئے۔ دو سو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔

بحر ہند میں اٹھنے والے سمندری طوفان نے مشرقی بھارت میں تباہی مچا دی،فائلن کے اڑیسہ کے ساحل سے ٹکراتے ہی تین میٹر تک بلند لہروں نے علاقے کو لپیٹ لیا۔ اڑیسہ اور آندھرا پردیش میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ تندو تیز ہواوں کی وجہ سے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔ بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

متعدد درخت اور عمارتیں گر گئیں۔طوفان سے اڑیسہ اور آندھرا پردیش کے کئی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں ایک لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ بھارتی حکام نے سپر سائیکلون سے بچنے کے لیے بھارتی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے دس لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

ذرائع کے مطابق اڑیسہ اور آندھرا پردیش میں بارشوں کی وجہ سے سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔ مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق رات تک یہ طوفان چھتیس گڑھ، بنگال کا رخ کریگا۔