سردار گروپ اور تحریک انصاف نے حلقہ بندیوں کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا

چکوال : سردار گروپ اور تحریک انصاف نے حلقہ بندیوں کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے اور قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے۔سردار گروپ کے رہنما سردار آفتاب اکبر نے میڈیا کو بتایا کہ حالیہ تشکیل پانے والی حلقہ بندیاں کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ لوگوں کو اعتماد میں لیے بغیر توڑ پھوڑ کی گئی انہوںنے کہا کہ اراکین اسمبلی نے من مانے نتائج حاصل کرنیکے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے سردار آفتاب اکبر کا کہنا تھا کہ ایک ہاتھ میں تسبیح اور دوسرے ہاتھ میں خنجر پکڑنے والوں نے سردار گروپ کو نقصان پہنچانے کے لیے ہر حربے استعمال کرنا شروع کر رکھے ہیں مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔

انہوںنے کہا کہ قانونی ماہرین سے مشاورت جاری ہے اور حلقہ بندیوں کی تشکیل کو چیلنج کریں گے دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم رہنما چوہدری علی ناصر بھٹی نے بھی حلقہ بندیوں کو مسترد کر دیا اور کہا کہ موجودہ حلقہ بندیوں کی کوئی قانونی پوزیشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی نے حلقہ بندیاں کروائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف ضرور ملے گا۔