ابوظہبی (جیوڈیسک) ابوظہبی پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں پاکستان شان مسعود اور ذوالفقار کو ٹیسٹ کیپ دی ہے۔اس موقع پر کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مثبت کھیل کے لیے تیار ہیں اور مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، شان مسعود، خرم منظور، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، عدنان اکمل، سعید اجمل، ذوالفقار بابر، جنید خان اور محمد عرفان۔جنوبی افریقا 2006 میں سری لنکا کے ہاتھوں دو صفر سے شکست کے بعد ملک سے باہر کوئی بھی سیریز نہیں ہارا، پاکستان کے خلاف یو اے ای میں 2010 کی سیریز0-0 سے ڈرا ہوگئی تھی۔
جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ نے واضح کیا کہ دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ سائیڈ ہونے کی وجہ سے ہم پر کوئی اضافی دبا نہیں،اگر کوئی پریشر ہو بھی سکتا ہے تو وہ بہتر پرفارم کرنے کی توقعات کا ہو گا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ ہماری بیٹنگ لائن مضبوط اور متوازن ہے پوری قوت کے ساتھ حریف کا مقابلہ کریں گے، سیریز سخت ہوگی، ہمارے اوپنرز کا ابوظہبی اور دبئی کے میدانوں پر ریکارڈ بہت اچھا ہے، حریف کو سخت مشکلات اور ٹف ٹائم دیں گے۔ پروٹیز نے پاکستان کیخلاف 21 ٹیسٹ کھیلے، اسے11 میں فتح اور صرف تین میں شکست ہوئی جبکہ باقی سات ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔