امن کے لیے پاکستان اور افغانستان کو مل کر اقدامات کرنا ہونگے، چوہدری نثار

Ch Nisar

Ch Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں امن نہایت ضروری ہے جس کے لیے دونوں ممالک کو مل جل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسلام آباد میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان جیمز ڈوبنز سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انہیں ملک میں قیام ا من کے لیے اے پی سی کی قرارداد کی روشنی میں کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، خطے اور افغان کی صورت حال، پاک افغان سرحد پر عسکریت پسندوں کے مسئلے پر بات کی گئی۔ جیمز ڈوبنز اور چوہدری نثار نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاک امریکا اسٹراٹیجک ڈائیلاگ اور وزیر اعظم کے دورہ امریکا سے متعلق امور پر بھی غور کیا۔ جیمز ڈوبنز نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔