کراچی (جیوڈیس) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے الآصف اسکوائر کے قریب ڈنڈو ں اور سریوں سے لیس ملزمان کی جانب سے نجی نیوز چینل کی گاڑی پر حملے، اسے اغوا کرنے، عملے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے اور ملزمان کے تشدد سے ڈرائیور گل شیر خان کے جاں بحق ہوجانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو کھلی دہشت گردی اورآزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ شہر میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے تاہم اس کے باوجود ملزمان کھلے عام کارروائیاں کر رہے ہیں۔
جس کے سبب شہریوں، صحافیوں، تاجروں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جان و مال عدم تحفظ کا شکار بن کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے ملزمان کے بہیمانہ تشدد سے ہلاک ہونے والے نجی نیوز چینل کے ڈرائیور گل شیر خان کے سوگوار لواحقین اور نیوز چینل کے عملے سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔
الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ الآصف اسکوائر کے قریب نجی نیوز چینل کی گاڑی پر حملے، اسے اغوا کرنے اور تشدد سے ڈرائیور کو ہلاک کرنے میں ملوث اصل ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے، نیوز کی اغوا کی گئی گاڑی کوجلد بازیاب کرایا جائے اور آزادی صحافت پر قدغن لگانے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت ترین سزا دی جائے۔