پھول نگر (جیوڈیسک) پھول نگر کے قریب ملتان روڈ پر دوماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر کئی گھنٹوں سے فیکٹری مزدور سراپااحتجاج ہیں، روڈ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو مزدور زخمی ہو گئے۔
پھولنگر کے قریب ٹیکسٹائل مل کے مزدوروں نے عید پر بھی دوماہ سے رکی تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج شروع کر دیا۔ مزدوروں کی جانب سے تنخواہ کا مطالبہ کرنے پر مالک نے دو روز پہلے ٹیکسٹائل مل بند کر دی جس پر آج سینکڑوں مزدور مشتعل ہو کر ملتان روڈ پر آگئے اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا۔ تھانہ صدر کی پولیس نے مزدوروں سے مذاکرات کرنے کی کوشش کی لیکن مزدور نہ مانے۔
مزدوروں کے مطابق ٹیکسٹائل مل کے سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو مزدور زخمی ہو گئے۔ فیکٹری مزدوروں کا احتجاج جاری ہے اور ملتان روڈ پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔