حیدر آباد (جیوڈیسک) امریکا سے منگوائے گئے بیل جو سب کی توجہ کا مرکز تھے اب کراچی کی مویشی منڈی میں دیکھنے کو نہیں ملیں گے۔ انہیں دیکھنا ہے تو پھر حیدرآباد جانا پڑے گا۔ سات سمندر پار سے کراچی لائے گئے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ قربانی کے یہ بیل، جن میں جیمز بانڈ 007 بلیک اسپائی کراچی کی مویشی منڈی میں سب کی توجہ کا مرکز تھا۔
یہ بیل کہیں چوری نہ ہو جائیں اس لیے ان کے کانوں پر ٹریکنگ چپ بھی لگائی گئی ہیں۔ لیکن اب یہ بیل کراچی کی مویشی منڈی سے غائب ہوچکے ہیں۔ غائب کا مطلب چوری نہیں بلکہ خرید لیے گئے ہیں۔
جی ہاں حیدرآباد کے محمد انور میمن نے پورے سات لاکھ روپے دے کر انہیں قربانی کے لیے خریدا ہے۔مالک محمد انور میمن کا کہنا ہے کہ امریکا سے آئے ہوئے یہ بیل کراچی سے لائے گئے ہیں، ان کی مخصوص فیڈ بھی ہمیں دی گئی ہے۔
گھر میں قربانی کے لیے بیل آ ئیں وہ بھی اعلی نسل کے تو بچوں کی خوشی کا ٹھکانا نہیں رہتا۔ موقع مل جائے تو سواری کرنے سے بھی نہیں چوکتے۔ ٹریکر لگے اور امریکا سے لائے گئے یہ بیل اب حیدرآباد میں قربان کیے جائیں گے، انہیں دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے یہاں آرہے ہیں۔