بلاول کے بیان پر ن لیگ، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا رد عمل

PML-N, MQM, PTI,

PML-N, MQM, PTI,

کراچی (جیوڈیسک) بلاول بھٹو کی تقریر کے ردعمل میں مسلم لیگ ن کا موقف ہے کہ شیر نے جو کرنا تھا وہ گیارہ مئی کو کر گیا، تحریک انصاف والے کہتے ہیں سونامی تو آبھی چکی جبکہ ایم کیو ایم کا تبصرہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے 2013 کے انتخابات کی لکھی ہوئی تقریر پڑھ دی مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے سیاسی تقریر کی ہے، سیاسی تقاریرمیں ایک دوسرے پر الزامات لگائے جاتے ہیں، 2018 کے انتخابات کی بہت دور کی بات ہے، تب کا تب دیکھیں گے۔

ایم کیوایم کے رہ نما واسع جلیل نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے 2013 کے انتخابات کی لکھی ہوئی تقریر پڑھی، جو 1988 سے پتنگ نہ کاٹ سکے، وہ اب کیا کاٹیں گے، پی ٹی آئی کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا کہ بلاول بھٹو ابھی بچے ہیں وہ کبھی عوام سے ملے ہی نہیں۔ بلاول اور آصف علی زرداری ڈرائنگ روم سے کبھی باہر ہی نہیں نکلے۔ انہوں نے کہا کہ سونامی پیپلز پارٹی کی کرپشن سے عوام کو بچا رہی ہے۔