حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع، 40 حاجی کراچی پہنچ گئے

Hujaj Returned

Hujaj Returned

کراچی (جیوڈیسک) حجاج کرام کی سعودی عرب سے وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ رات گئے قومی اور غیرملکی ایئرلائن کے ذریعے 40 حاجی کراچی پہنچ گئے۔ پی آئی اے کا پوسٹ حج آپریشن آج سے شروع ہوگا تاہم حجاج کرام کی ریگولر پروازوں سے واپسی شروع ہوگئی ہے۔ کراچی میں رات گئے 40 حاجی پی آئی اے اور غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے وطن واپس پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر حاجیوں کے استقبال کے لیے ان کے اہل خانہ اور رشتے داروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ حجاج کرام نے دوران حج فراہم کی گئیں سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کعب اللہ میں پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

دوسری جانب پی آئی اے کی باقاعدہ حج پروازوں کا آغاز آج سے ہوگا۔ قومی فضائی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پوسٹ حج آپریشن کے دوران 149 پروازوں کے ذریعے 67 ہزار حجاج کرام وطن واپس آئیں گے۔ پہلی حج پرواز جدہ سے رات 8 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی اور 20 اکتوبر کو صبح 3 بج کر 25 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ پی آئی اے کا پوسٹ حج آپریشن 18 نومبر تک جاری رہے گا۔