جان لینن کی بیوہ کے لئے جرمن امن انعام

 Peace Prize

Peace Prize

برلن (جیوڈیسک) یوکو اونو کو یہ اعزاز اقوام عالم کے مابین ہم آہنگی کے فروغ اور آرٹ اور امن کی ترویج کے لئے ان کی مسلسل سیاسی اور سماجی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ 80 سالہ یوکو اونو نے جرمن دارالحکومت برلن میں تاریخی برانڈن برگ گیٹ کے قریب منعقدہ ایک تقریب میں تھیوڈور وانر پرائز نامی یہ امن انعام وفاقی جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے کی موجودگی میں ذاتی طور پر وصول کیا۔

اس موقع پر پیدائشی طور پر ٹوکیو سے تعلق رکھنے والی اس امریکی فنکارہ نے کہا کہ یہ انعام میرے لیے آپ کی طرف سے ایک پیغام ہے کہ جو کچھ میں کرتی رہی ہوں آپ اسے سمجھ سکتے ہیں۔

تقریب کے شرکا سے اپنے خطاب میں یوکو اونو نے مزید کہا کہ اب عمل کا وقت ہے اور عمل ہی امن ہے۔ ہمیں امن کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ امن ہمارے اعمال سے ظاہر ہونا چاہیے۔ ہمیں امن پھیلانا ہوگا۔ ہم سب کو مل کر امن کو ممکن بنانا ہو گا۔

یوکو اونو کی پرورش ان کے آبائی وطن جاپان اور امریکا دونوں ملکوں میں ہوئی تھی۔ ان کا تعلق بینکاروں کے ایک امیر گھرانے سے ہے اور وہ اس وقت عالمی شہرت اختیار کر گئی تھیں جب انہوں نے Beatles گروپ کے رکن جان لینن سے شادی کی تھی۔ بیٹلز گروپ کے گلوکار جان لینن کو ان کی جوانی میں ہی قتل کر دیا گیا تھا۔

جان لینن اور یوکو اونو نے اپنا ہنی مون کینیڈا کے شہر مانٹریال میں منایا تھا اور اسی دوران انہوں نے اپنے کمرہ عروسی سے دنیا کے نام امن کی وہ اپیل جاری کی تھی جو بے مثال عالمگیر شہرت حاصل کر گئی تھی۔

اس کے بعد سے آج تک یوکو اونو نے اپنی شخصیت کی شہرت اور جان لینن کے ساتھ اپنے رشتے کو امن کی ترویج اور مختلف سماجی اور فلاحی مقاصد کے لیے بین الاقوامی سطح پر شعور کی بیداری کے لیے استعمال کیا ہے۔