اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف آج دورہ امریکا پر روانہ گئے، جہاں وہ امریکی صدر بارک ابامہ، وزیر خارجہ جان کیری اور کانگریس اراکین سے ملاقاتیں کریں گے، نواز شریف دورہ امریکا میں امریکی صدر بارک اوبامہ سے ملاقات کریں گے، امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مذاکرات میں سیکیورٹی امور پر گفتگو ہو گی لیکن لازمی نہیں کہ اس گفت گو میں ڈرون حملوں کامعاملہ بھی اٹھایا جائے۔
بدھ کو ہونے والی امریکی صدر سے ملاقات سے پہلے نواز شریف، امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے بھی ملاقات کریں گے ، نواز شریف دورہ امریکا میں نائب امریکی صدر اور کانگریس اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری طرف پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں امریکا نے 32 کروڑ20 لاکھ ڈالرز رقم فراہم کر دی ہے، اس رقم کی ادائیگی کا معاملہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے حالیہ دورہ امریکا میں اٹھایا تھا، یہ رقم کولیشن سپورٹ فنڈ کے پرانے واجبات کی مد میں ملی ہے جس سے حکومت کو زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔