ممبئی (جیوڈیسک) کنگ آف رومانس کہلائے جانے والے بالی ووڈ فلمساز اور ہدایتکار یش چوپڑا کی پہلی برسی آج منائی جا رہی ہے۔ یش چوپڑا ستائیس ستمبر انیس سو بتیس کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے انیس سو انسٹھ میں فلم ”دھول کا پھول” سے آئی ایس جوہر اور اپنے بڑے بھائی بی آر چوپڑا کے معاون کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر انہوں نے اگلی پانچ دہائیوں تک رومانس سے بھرپور فلمیں بنا کر ”کنگ آف رومانس” کا خطاب پایا۔
انہوں نے انیس سو تہتر میں اپنی فلم کمپنی ”یش راج فلمز” بنائی جسکے بینر تلے پہلی فلم ”داغ، اے پوئم آف لو” بنائی۔ انیس سو پچھہتر میں پہلی بار انہوں نے امتیابھ بچن کے ساتھ کام کیا اور ایک سے بڑھ کر ایک ہٹ فلمیں بنائیں۔ ان میں دیوار، کبھی کبھی، ترشول، اور سلسلہ شامل ہیں۔
یہ سلسلہ فلم چاندنی، لمحے، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، دل تو پاگل ہے، محبتیں، رب نے بنا دی جوڑی اور انکی آخری فلم جب تک ہے جاں تک جاری رہا۔ انہوں نے چھ بار نیشنل فلم ایوارڈ اور گیارہ بار فلم فیئر ایوراڈ حاصل کیا۔ یش چوپڑا گزشتہ برس اکیس اکتوبر کو ڈینگی بخار کے باعث انتقال کر گئے۔