اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت نے پروٹیکشن آف پاکستان آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے، ملک میں قانون کی طاقت سے ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی، دہشت گردی اور خوف پیدا کرنے والے عناصر ریاست کے دشمن تصور ہوں گے، آرڈیننس کا مسودہ۔ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر آرڈیننس کی منظوری دی، مسودے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے خلاف عناصر کے خلاف ریاستی قوانین کے تحت فوری اور سخت ترین کارروائی ممکن بنائی جائے گی۔
دہشت گردی اور جرائم کی تحقیقات کے لیے سیکورٹی ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ ٹیم بنے گی۔ ملک میں قانون کی طاقت سے ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی، دہشت گردی اور خوف پیدا کرنے والے عناصر ریاست کے دشمن تصور ہوں گے۔ مخصوص جرائم کے مقدمات کے جلد اندراج اور فوری تحقیقات کیلئے الگ پولیس اسٹیشن قائم ہوں گے، مقدمات کی پیروی اور تحقیقات کیلئے وفاقی پراسیکیوٹر تعینات کیے جائیں گے، سستے اور فوری انصاف کے لیے خصوصی وفاقی عدالتیں قائم کی جائیں گی، مخصوص جرائم پر سخت اور اضافی سزائیں دی جا سکیں گی۔