اوکاڑہ (جیوڈیسک) اوکاڑہ کے قریب دولہا کی کار بارات میں شامل ویگن سے ٹکرا گئی جس سے کمسن بچے سمیت دو افراد جاں بحق دولہا دولہن سمیت بیس باراتی زخمی ہو گئے۔ تشویشناک حالت کے پیش نظر 5 زخمیوں کو لاہور ریفر کردیا گیا۔
مانگا منڈی کا رہائشی قاسم اپنی دولہن طاہرہ کو بیاہ کر واپس اپنے گھر جا رہا تھاجب بارات میں شامل گاڑیاں اوکاڑہ بائی پاس کے قریب پہنچی تو اچانک بارات میں شامل تیز رفتار ویگن نے دولہا کی کار کو کراس کرنے کی کوشش کی تو وین دولہا کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کے نتیجہ میں دونوں گاڑیاں الٹ گئیں جس کے باعث دولہا کا چچا محمد اسحاق اور دولہا کا بھانجھا رحمن موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
دولہا قاسم اور دولہن طاہرہ سمیت بیس افراد زخمی ہو گئے۔ دولہا قاسم سمیت پانچ زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال منتقل کیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کے سربراہان ہسپتال پہنچ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں کے بروقت نہ پہنچے پر مقامی افراد نے احتجاج کیا اور اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔