ملک میں ہوشربا مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے: سعدیہ سہیل رانا

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ ملک میں ہوشربا مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے پنجاب میں جنگل کا قانون ہے اغوا برائے تاوان، اجتماعی زیادتیاں کرنے والے ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں۔ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے حلقہ بندیوں کو غیر قانونی طریقہ سے بنایا گیا ہے۔

حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کا کام ہے مگر ضلعی انتظامیہ سے حلقہ بندیاں کروانا بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے موجودہ حکمران آمریت کی پیداوار اور جعلی بیلٹ پیپروں کے ذریعے اقتدار میں آ کر نئے کرنسی نوٹ چھاپنے کے باوجود بجلی، گیس، پٹرول سمیت ہر چیز کے نرخوں میں اضافہ کر کے عوام کے منہ سے آخری نوالہ تک چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کی طاقت سے نہیں بلکہ دھاندلی سے اقتدار میں آئی ہے۔

انہوں نے موجودہ حکمرانوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ الیکشن میں جعلی بیلٹ پیپرز چھپوا کر مینڈیٹ کا واویلا رچا رکھا ہے اور حکومت کرنے کیلئے نئے کرنسی نوٹ چھاپ رہے ہیں مگر عوام کے مفاد کی پالیسیاں بنانے کی بجائے آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ کئے گئے معاہدے عوام پر مسلط کر رہے ہیں۔