محکمہ صحت کا عملہ ضلع کے آخری گھر کی خواتین تک پہنچ کر انہیں حفاظتی ٹیکے لگانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ مقبول احمد

جھنگ : ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر مقبول احمد دھاولہ نے کہا ہے کہ 15 سے 49 سال تک کی عمر کی (شادی شدہ /غیر شادی شدہ )خواتین کو تشنج سے بچائو کیلئے حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے محکمہ صحت کا عملہ اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے ضلع کے آخری گھر کی خواتین تک پہنچ کر انہیں حفاظتی ٹیکے لگانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

یہ بات انہوں نے محکمہ صحت کی طرف سے ماں اور بچے کے تشنج کے خاتمہ کیلئے21سے26اکتوبر 2013ء تک منائے جانے والے ہفتہ تشنج کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں خواتین کو ٹیکہ لگا کر افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سراج الدین، ایم ایس ڈاکٹر ممتاز سیال،ڈی ایچ او ڈاکٹر ممتاز خان بلوچ کے علاوہ دیگر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف، نرسنگ سٹاف اور مختلف این جی اوز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈی سی او نے موقع پر موجود خواتین پر زور دیا کہ ماں اور بچے کو تشنج کی مرض سے بچائو کیلئے خود بھی حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور اپنے ارد گرد کے ماحول میں بسنے والی خواتین کو بھی اس ٹیکہ کی افادیت کے بارے آگاہ کریں۔

انہوں نے محکمہ صحت کے عملہ پر زور دیا کہ خواتین کو تشنج کے ٹیکے لگانے کے ساتھ ساتھ بچوں کے حفاظتی ٹیکے بھی ضرور لگائے جائیں۔

اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ تشنج کے خاتمہ کے ہفتہ کے دوران ضلع بھرمیں خواتین اور بچوں کو ٹیکے لگانے کیلئے 371ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 278موبائل ٹیمیں اور 93 فکس ٹیمیں شامل ہیں۔ ہفتہ تشنج کے پہلے دو روز سکولوں ،کالجز، یونیورسٹیوں، جیل خانہ جات، دارالامان اور دینی مدارس میں جبکہ باقی چار دنوں میں کمیونٹی میں ٹیکے لگائے جائینگے۔