سماج سے بالاتر مفادات کا ایک ردِ عمل

Muslim League (N)

Muslim League (N)

اسے سماج سے بالاتر مفادات کے خلاف عوام کا ردِ عمل ہی کہا جا سکتا ہے اس بحث سے جان چھڑانا خاصا مشکل ہوتا جارہا ہے کہ فیصل آباد کی شہری نشست مسلم لیگ ن کی دسترس سے کیوں نکل گئی؟ اسے ناممکنات ہی کہیئے کہ سیاسی تجزیہ نگار اپنے اندازوں کے غلط ہونے پر انگشت بدنداں ہیں اس نہج پر قلیل عرصہ میں نفرت کیوں پہنچی؟ ووٹروں میں تنائو نے کیوں جنم لیا؟ 26 برس کی رفاقت کا بوجھ اتنی عجلت میں اپنے شانوں سے کیوں اُتار پھینکا ؟ محض اس لیئے کی سرمایہ دارانہ سیاست نے معاشرے کی ساری ٹھاٹھ باٹھ کے تانے بانے اُدھیڑ کے رکھ دیئے مظہر نجمی کے ساتھ لائل پور کی گلیوں میں گھومنا پھرنا کبھی میری زندگی کے پرمسرت لمحات ہوا کرتے تھے عرصہ پہلے یہ شہر کس قدر حسین ہوا کرتا تھا اور اس میں کیا کچھ نہیں ہوا کرتا تھا رات کے کسی پہر گھنٹہ گھر کے چاروں اور سماعتوں کو چھوتے بانسری کے سُر، کھانوں کی بھینی بھینی خوشبو جس کے ساتھ ارد گرد ہر طرف گھومتی پھرتی زندگی، غرض یہ ایسا شہر تھا جو سوتا نہیں تھا اور نہ کبھی اُداس ہوتا تھا۔

مگر اب یہاں آ کر بے چینی کا احساس گھیر لیتا ہے عصر حاضر میں ایسا لگتا ہے کہ یہ سب کچھ شہر سے روٹھ گیا ہے آج صرف روپے کی قدر گرنے اور خطرناک حدوں کو چھوتی بیروزگاری فیصل آباد کے ہر باسی کو اپنی لپیٹ میں لیئے ہوئے ہے عرصہ بعد اپنے دوست کے ہاں جانا ہوا تو شہر میں داخل ہوتے ہی تمام صورت حال اپنا احساس دلانے لگی یہ ایک دھچکا تھا شہر کا ہر شخص معاشی، سیاسی، سماجی غرض ہر سطح کے بحران کے بارے میں فکر مند نظر آتا ہے میرا قیام جتنے روز رہا میرے ارد گرد ہونے والی تمام گفتگو بیروزگاری، لوڈ شیڈنگ اور اس سے پیدا ہونے والی مایوس معاشی صورت حال کے بارے میں تھی آج ہر طرف ماضی میں خود کو مڈل کلاس کہنے والوں کی مایوسی مجھے محسوس ہو رہی تھی میں جہاں بھی گیا عوام کی گفتگو کا محور و مرکز سیاست، معیشت اور بیروزگاری کے بحران سے باہر نکلنے کی تگ و دو کے سوا کچھ نہیں تھا۔

Inflation

Inflation

فیصل آباد میں میرے لیئے اس سطح اور اس طرز کی گفتگو بہت حیران کن تھی کیونکہ کچھ سالوں پہلے تک ان سب لوگوں کے نزدیک سیاست پر گفتگو کرنا ہی سیاسی طور پر غلط عمل ہوا کرتا تھا میں جب میں حلقہ پی پی 72 کے عوام سے ملا تو مجھے لگا ہمیشہ جاگتے رہنے والے اس شہر کے لوگ اب حقیقتاً بیدار ہو چکے ہیں جو بھی ملا اُس نے حکومتی اقدامات کی کھلے عام مخالفت کی فیصل آباد کی شاہراہوں پر گھومتے ہوئے جو محسوسات جنم لیتے ہیں اُن کو اس طرح بیان کیا جا سکتا ہے کہ حکمرانوں نے خود کو سماج سے مکمل طور پر بالا تر کر لیا ہے بیروز گاری، بدامنی، مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی نے غم و غصے کی لہر کو ملک بھر میں پھیلا دیا ہے اور سیاست دانوں کے بینک بیلنس ہیں کہ بڑھتے جا رہے ہیں ریاست ایک ایسے ڈھانچے کے ساتھ چمٹی ہوئی ہے جو خود ہچکولے کھا رہا ہے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک جیسے استحصالی اداروں کے قرض سے تعمیر کیئے جانے والے ستون اس ڈھانچے کو کب تک سہارا دیں گے وطن کے وہ لوگ جن کے صبر کا پیمانہ ابھی لبریز نہیں ہوا اُن کی جیبیں خالی ہوتی جارہی ہیں۔

میڈیا کے اداکار صورت حال کی صحیح عکاسی کرنے کی بجائے بنیادی عوامی مسائل کو سمجھنے یا اُن کے بارے بنیادی معلومات فراہم کرنے اور حکومتی اقدامات پر تنقید کرنے سے کھلم کھلا چشم پوشی اور بے اعتنائی برت رہے ہیں اتنی عجلت میں عوامی فیصلے کا تبدیل ہو جانا ایک نہایت گھمبیر صورت حال کی عکاسی کرتا ہے عام فرد کی کاروبار کیلئے بے یقینی کی کیفیت بہتبُرا شگون ہوتا ہے 25 لاکھ سالانہ شرح کے حساب سے بیروزگاری بڑھ رہی ہے معیشت کا مستقبل کسی طور تابناک دکھائی نہیں دے رہا ذاتی ملکیت کے نظام کا کھیل کھیلا جا رہا ہے ملکی آبادی کا 20 فیصد بیروزگاری کی بھٹی میں سلگ رہا ہے، وہ شہر جو وطن عزیز کا مانچسٹڑ تھا صنعتی یونٹ بند ہوتے
جارہے ہیں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے وعدوں کی راکھ اُڑتی دکھائی دے رہی ہے۔

شارٹ فال 2000 میگا واٹ تک بڑھ چکا ہے انرجی یونٹ 13000 میگا واٹ بجلی بنانے کی صلاحیت کے باوجود محض 11000 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں نجکاری کے تحت منافع بخش صنعتی یونٹ اور ادارے اونے پونے داموں منظور نظر افراد کے نام کیئے جارہے ہیں نجکاری، غربت، مہنگائی، صرف غریبوں کو ڈستی ہے سرمایہ داروں کی مرضی کو لاگو کیا جارہا ہے لندن ،زیورک اور نیویارک کے اکائونٹس مزید بھرے جا رہے ہیں جس سے نام نہاد جمہوریت کا پردہ چاک ہو رہا ہے اور جس بات سے شعوری طور پر چشم پوشی کی جائے وہ حکمران طبقات کا پیچھا نہیں چھوڑا کرتی عوام اور حکمران طبقات کے درمیان سوچوں کا یہ فرق ہی مسلم لیگ ن کی شکست کا باعث بنا ابھی تک یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ کب تک محض خواہشوں کے سہارے صورت حال کو چلایا جا سکے گا اس طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیز ترین اضافے کا مذاق جو ایک لمبے عرصے سے عوام کے ساتھ کیا جارہا ہے اُس پر بھی کسی لیگی نمائندے یا ذرائع ابلاغ کی جھوٹ اگلنے والی مشینوں کے غلیظ چہرے کسی نے ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا۔

M. R. Malik

M. R. Malik

تحریر : ایم آر ملک