اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے کشمیر کے بارے میں بھارتی وزیر خارجہ کا بیان مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت کی طرف سے کشمیرکو اٹوٹ انگ قرار دینا افسوس ناک ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ کی طرف سے کشمیر سے متعلق دیئے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ بھارتی قیادت کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
بھارت کو اقوام متحدہ کا رکن ہونے کے ناطے کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا بنیادی نکتہ رہا ہے اور اس مسئلے کو حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔