واشنگٹن (جیوڈیسک) واشنگٹن بدھ کو صدر اوباما سے ملاقات سے پہلے امریکی قومی سلامتی کی مشیرسوزن رائس نے وزیراعظم نواز شریف سے دوسری ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور سوسن رائس کی ملاقات اس لئے اہم ہے کہ صدر اوباما سے ملاقات سے پہلے دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر اتفاق ہونا ضروری ہے۔ اس ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
دوسری جانب واشنگٹن میں وزیراعظم نواز شریف سے امریکا کے توانائی اور تجارت کے نمائندوں نے ملاقاتیں کیں جس میں دونوں جانب سے مستقبل میں پاکستان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ امریکی سیکریٹری توانائی Ernest Moniz سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے پاکستان میں توانائی کے شعبوں میں تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پائیدار ہوں تاکہ پاکستان میں انرجی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔
نواز شریف سے امریکا کے تجارتی وفد کے سربراہ مائیکل فرو مین نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کو درپیش تجارتی مسائل پر بات چیت ہوئی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کی برآمداد میں اضافہ اور امریکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی ممکن ہو سکے۔