کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں رواں سال عید الاضحی پر گزشتہ سال سے 31 فیصد زیادہ جانور قربان کیے گئے جن کی مالیت تقریبا 228 ارب روپے بنتی ہے۔ پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال عید الاضحی پر قربان کیے گئے جانوروں کی تعداد گزشتہ سال سے 31 فیصد زیادہ تھی۔ رواں سال عید پر 228 ارب روپے مالیت کے 75 لاکھ سے زائد جانور قربان کیے گئے جبکہ گزشتہ عید پر یہ تعداد 57 لاکھ سے زائد تھی جن کی مالیت اس وقت کی قیمتوں کے لحاظ سے 107 ارب روپے بنتی تھی۔
ٹینرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس عید الضحی پر چمڑے کی فیکٹریوں نے 10 ارب 18 کروڑ روپے مالیت کی کھالیں خریدیں ہیں جو گزشتہ سال سے 34 فیصد زیادہ ہے۔عید پر قربانی کے جانوروں اور کھالوں کی خرید و فروخت کے علاوہ دیگر کئی کاروبار بھی فروغ پاتے ہیں جس سے ملکی معیشت اور عوام کو قابل ذِکر فائدہ پہنچتا ہے۔